کرالہ پورہ کپوارہ//ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے اُن تمام جماعتوں سے جو کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی 15اگست کو کی گئی تقریر کے دوران کشمیریوں کو گلے لگانے کی بات کرنے پر اُن کا خیر مقدم کر رہے ہیں کہا ہے کہ وہ کسی خوش فہمی کا شکار نہ رہیں اور یہ جان لیں کہ وہ ایسا کرکے نئی دلی کا کام آسان کر رہی ہیں ۔ کرالہ پورہ کپوارہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو رائے شماری سے کم کوئی بھی چیز منظور نہیں ۔ انجینئر رشید نے کہا وزیر اعظم کی تقریر نہ صرف گمراہ کن بلکہ حقائق کو مسخ کرنے کے برابر ہے۔ جو لوگ اُن کی تقریر کا کشمیر کے اندر خیر مقدم کرتے ہیں انہیں سمجھ لینا چاہئے کہ مودی جی کے پاس کشمیریوں کو دینے کیلئے کچھ بھی نہیں ۔ لوگوں کو چاہئے کہ وہ حریت لیڈران کے خلاف کردار کشی کی مہم کا ہر سطح پر توڑ کریں کیونکہ حریت کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے اور وہ لوگوں کے جذبات اور قربانیوں کی ترجمانی کرتی ہے لہذا اس کے خلاف کوئی بھی مہم جوئی پوری کشمیری قوم کے خلاف مہم جوئی سے تعبیر کی جانی چاہئے ۔ تاہم حریت لیڈران پر بھی یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ہر قدم سوچ سمجھ کر اٹھائیں اور کوئی اایسی بات نہ کہیں جس سے نئی دلی کیلئے فرار کا راستہ ممکن ہو سکے‘‘۔ اس موقعہ پر انجینئر رشید نے یہ بات دہرائی کہ اہل کپوارہ کی قربانیاں بے مثال ہیں ۔ تاہم ان قربانیوں کی حفاظت کرنا اس سرحدی ضلع کے ہر شہری پر فرض ہے جسکا واحددطریقہ یہی ہے کہ رائے شماری کے مطالبے سے ذرہ بھر بھی انحراف کرنے والوں کو ہر سطح پر دندان شکن جواب دیا جائے گا۔