مشتعل ہجوم کے پتھرائو سے ممبر اسمبلی سانبہ زخمی
یوگیش سگوترہ
جموں//سانبہ کے قریب پیش آئے حادثہ پر مشتعل لوگوں کی طرف سے کئے گئے حملہ میںممبر اسمبلی سانبہ زخمی ہو ئے۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ حادثہ شمشان گھاٹ کے قریب اس وقت پیش آیا جب ممبر اسمبلی ڈاکٹر دیویندر کمار منیال ایک مہلوک کے گھر پر تعزیت پرسی کے لئے گئے ہوئے تھے۔ بھاری تعداد میں لوگ شمشان گھاٹ کے قریب جمع ہو گئے جو کہ ایم ایل اے موصوف سے اس لئے خفاتھے کہ وہ ان کے2گھنٹے تک جاری رہنے والے احتجاج میں شامل نہ ہوئے جس میںسینکڑوں کی تعداد میں مظاہرین نے قریب 2گھنٹے تک مصروف جموں پٹھانکوٹ شاہراہ پر دھرنا دیا تھا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جوں ہی ایم ایل اے کا قافلہ نزدیک آیا لوگوں نے اس پر پتھرائو شروع کر دیا جس سے ان کی سرکاری گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور ایم ایل اے کو بھی چوٹیں آئیں۔ تاہم ذاتی محافظوں نے ایم ایل اے کو ہجوم کے نرغے سے نکال لیا اور ایمر جنسی ہسپتال سانبہ میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد انہیں جے ایم سی منتقل کر دیا گیا ۔
گاندربل تولہ مولہ اور تولہ مولہ بارسو
سڑکوں کی حالت ناگفتہ بہ
ارشاد احمد
گاندربل//گاندربل سے تولہ مولہ اور تولہ مولہ سے بارسو سڑکوں کی ناگفتہ بہ حالت پر علاقے کے عوام میں سخت غم و غصہ پایا جارہا ہے۔گاندربل سے تولہ مولہ تک چند ماہ قبل محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے نئی پائپ لاین بچھائی جس کی خاطر سڑک کے کنارے پر کھدائی کی گئی۔ مقامی لوگوں کے مطابق کئی ماہ گزرنے کے بعد بھی سڑک جوں کہ توں حالت میں ہے۔مقامی آبادی کے لئے اس سڑک پر سفر کرنا وبال جان ثابت ہورہاہے۔ادھر تولہ مولہ سے بارسو سڑک کی حالت بھی انتہائی خستہ حالت کا شکار ہے۔بارسو سے تولہ مولہ سڑک کی حالت بھی کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہے۔اس سلسلے میں ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل پیوش شنگلانے کہا کہ وہ متعلقہ محکموں سے بات کریں گے۔
صارفین کے معاملات کا ازالہ کرنے کیلئے کمیشن کو مزید مستحکم کریں:ذوالفقار
جموں/ / خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین و اطلاعات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے صارفین کے معاملات کا ازالہ کرنے کے کمیشن کو استحکام بخشنے کے لئے موزوں سٹاف و دیگر ضروری سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا ہے ۔وزیر موصوف کمیشن کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ایک افسروں کی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے ۔ میٹنگ میں چیئرمین ایس سی ڈی آر سی جسٹس(ر) سنیل ہالی ، ممبر ڈی کے کپور ، سیکرٹری ایف سی ایس اینڈ سی اے شفیق احمد رینہ ، ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے جموں آر اے انقلابی ، ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے کشمیر نثار احمد وانی موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ کمیشن صارفین کے حقوق کی حفاظت کے لئے ایک متبادل شکایتوں کا ازالہ کرنے کے نظام کے طور پر تشکیل دیا گیا ہے۔جی ایس ٹی کے نام پر چند ناجائز منافع خور تاجروں کے غلط طور طریقہ اپنانے پر اپنا ردِّعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر نے کمیشن کو ہدایت دی کہ وہ جی ایس ٹی کے تحت ناجائز منافع خوری اتھارٹی کے طور پر بھی کام کرے۔
حریت (ع) اور مفتی اعظم نے گیلانی کی عیادت کی
سرینگر// حریت (ع)چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق کی ہدایت پر ایک وفدنے صورہ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ جاکر علیل بزرگ مزاحمتی رہنما سید علی گیلانی کی عیادت کی اور ان تک میرواعظ کا پیغام پہنچایا ۔وفد میں انجینئر ہلال احمد وار، مشتاق احمد صوفی، عبدالمجید وانی، غلام قادر بیگ، جعفر کشمیری، فاروق احمد سوداگر، محمد یوسف بٹ اور دیگر کارکنان شامل تھے۔وفد نے علیل رہنما کی صحت کے حوالے سے ہسپتال ذرائع سے جانکاری حاصل کی اور بزرگ رہنما کی فوری شفایابی کیلئے دعا کی ۔اس دوران ریاست کے مفتی اعظم مفتی محمد بشیر الدین احمد نے میڈیکل انسٹی چیوٹ جاکرسید علی شاہ گیلانی کی عیادت کی اور اُنکی جلد صحت یابی کیلئے دُعا کی ۔ مفتی اعظم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مساجد اور خانقاہوں میں گیلانی کی صحتیابی کیلئے دُعا کا اہتمام کریں۔
’گرفتاریوں کا جاری سلسلہ تشویشناک‘
سرینگر// اسلامک پولٹکل پارٹی اور تحریک مزاحمت نے ریاست میں گرفتاریوں کے جاری سلسلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اسلامک پولٹکل پارٹی ترجمان نے تنظیم کے چیئرمین محمد یوسف نقاش کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی سرکار ہر جائز اور پُر امن سیاسی سرگرمیوں کو دبانے پر تلی ہوئی ہے۔انہوں نے اسے سیاسی انتقام گیری پر مبنی حرکت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکمران جماعت نے ریاست کو ایک بڑی جیل میںتبدیل کردیا ہے ۔تحریک مزاحمت کے ترجمان شبیر احمد زرگر نے گرفتاریوں کے جاری سلسلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے تحریک آزادی کے جذبے کو دبانا یا مٹانا ممکن نہیںہے۔موصولہ بیان میںانہوں نے دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین اور اسلامک پولٹکل پارٹی چیئرمین محمد یوسف نقاش کی گرفتاری پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکمران جماعت طاقت کے بل بوتے پر قائدین کو گرفتار کرکے عوام کی جائز آواز کو دبانا چاہتے ہیں ۔شبیرزرگر نے مزاحمتی قائدین اور کاروباری حلقوں سے وابستہ گھرانوں پر این آئی اے کے چھاپوں اور تلاشی کاروائیوں کی مذمت کی ہے۔
امام باڑہ میرگنڈ میں مجلس حسینیؑ
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا حسن نے 15اگست کے موقعہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کوخوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں اعتماد سازی کے عملی اقدامات کئے بغیر کشمیری عوام کا ایسے بیانات پر بھروسہ کرنا ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام سے وعدے کرکے پھر مکرجانا بھارت کی تاریخ رہی ہے، تاہم دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک کے انتہائی با اثر وزیر اعظم ہونے کے ناطے کشمیری عوام نریندر مودی کا وعدہ وفاہونے کا انتظار کریں گے۔ آغا حسن امام باڑہ میر گنڈ بڈگام میں سالانہ مجلس حسینیؑ سے خطاب کررہے تھے، جس میں وادی کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے متعدد عقیدتمندوں نے شرکت کی۔
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی
ٹنگمرگ میں پولیس کی کارروائی
ٹنگمرگ//ٹنگمرگ پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف ایک مہم شروع کرتے ہوئے گزشتہ دو روز کے دوران 3 درجن موٹر سائیکلوں کو ضبط کیا۔ایس ایچ او ٹنگمرگ سعادت علی نے ٹنگمرگ ٹول پلازہ کے نزدیک ناکہ لگا کر گزشتہ دو روز کے دوران لائسنس اورہیلمٹ نہ رکھنے کی پاداش میںموٹرسائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا ہے۔ (مشتاق الحسن)
طبی سہولیات کا فقدان
مچھی پورہ ہندوارہ میں محکمہ صحت کے خلاف احتجاج
اشرف چراغ
کپوارہ//سرحدی قصبہ ہندوارہ کے مچھی پورہ میں لوگو ں نے طبی سہولیات کی عدم دستیابی پر احتجاج کیا۔احتجاجی مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہاں قائم سب سنٹر اکثر و بیشتر بند رہتا ہے جس کے نتیجے میں عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہاکہ بدھ کو سب سنٹر مچھی پورہ میں مریض علاج و معالجہ کے لئے جمع ہوئے تاہم 12بجے تک کوئی بھی ملازم ڈیوٹی پر نہیں آ یا ۔انہوں نے مزید کہا کہ سب سنٹر میں ایک میڈیکل اسسٹنٹ کے علاوہ دیگر ملازم تعینات ہیں لیکن ان ملازمو ں کی مبینہ غیر حاضری کی وجہ سے سب سنٹر مریضوں کی کوئی خدمت نہیں ہوپارہی ہے ۔احتجاجی مظاہرین نے معاملہ فوری طور وزیر مملکت برائے صحت آ سیہ نقاش کی نوٹس میں لایااور وزیر موصوفہ نے انہیں یقین دلایا کہ اس کی مکمل تحقیقات کی جائے گی اور غیر حاضر ملازمو ں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
کوہلی کی زیارت ننگا باجی پر حاضری
بانڈی پورہ// وزیر برائے پشو ، بھیڑ اور ماہی پالن عبدالغنی کوہلی نے زیارت بابا ننگا باجی پر حاضری دی۔وزیر نے ریاست میں امن کے قیام اور خوشحالی کے لئے دُعا کی۔ڈپٹی کمشنر ،ایس ایس پی بانڈی پورہ اور محکمہ پشو، بھیڑ و ماہی پالن کے افسران بھی وزیر کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران زیارت گاہ کے سجادہ نشین نے وزیر کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہیں زیارت گاہ سے متعلق معاملات کے بارے میں آگاہ کیا۔
تحریک حریت صحرائی کی مسلسل نظربندی پر برہم
سرینگر//تحریک حریت نے تنظیم کے جنرل سیکریٹری محمد اشرف صحرائی کی مسلسل خانہ نظربندی اور عمر عادل ڈار کوگرفتار کرکے تھانہ نوگام میں بند رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے تحریک حریت لیڈران کو بلاجواز حبس بے جا میں رکھا ہے۔موصولہ بیان کے مطابق محمد اشرف صحرائی اور محمد اشرف لایا مختلف عارضوں میں مبتلا ہیں اور گزشتہ 2ماہ سے ان کو طبی معائنہ کرانے کا موقع بھی فراہم نہیں کیا گیا۔بیان کے مطابق صحرائی کو اتنے طویل عرصے سے خانہ نظربند رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے بلکہ یہ سراسر سیاسی انتقام گیری ہے۔تحریک حریت کے مطابق پیر سیف اللہ، نعیم احمد خان، راجہ معراج الدین،الطاف احمد شاہ، ایاز اکبر، بٹہ کراٹے اور شاہد الاسلام کو جوڈیشل ریمانڈ میں دینا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ بیان کے مطابق بھارت آزادی پسند قیادت کو خوفزدہ کرنے کیلئے یہ حربے اختیار کررہا ہے۔
وزیراعلیٰ اورنائب وزیراعلیٰ کا سانبہ سڑک حادثہ پر اظہار افسوس
سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اورنائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے ضلع سانبہ میں رونما ہوئے ایک سڑک حادثہ میں تین لوگوں کے لقمہ¿ اجل ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے ضلع انتظامیہ سانبہ کو ہدایت دی کہ وہ فوراً جائے حادثہ پر امدادی اقدامات کے عمل میں تیزی لائیںاور زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات کو یقینی بنائیں۔محبوبہ مفتی نے غمزدہ کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
پلوامہ میں بھنگ کی کاشت کے خلاف مہم
پلوامہ//ترقیاتی کمشنر پلوامہ غلام احمد ڈار کی صدارت میں بدھ کوافسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ضلع میں بھنگ کے خلاف مہم شروع کرنے کے سلسلے میں تیاریوں کاجائزہ لیا گیا۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ نشیلی اشیا ءاورمنشیات کے خلاف صف آراءہونے پر زوردیا تاکہ سماج کو اس بدعت سے پوری طرح چھٹکارا دلایاجاسکے۔
کپوارہ میں نہرو یوواکیندرا کا تربیتی پروگرام
کپوارہ//ڈسٹرکٹ یوتھ کارڈی نیٹرنہرو یوواکیندرا کپوارہ ضلع سے وابستہ رضاکاروں کے لئے 15روزہ تربیتی واندراج پروگرام کا اہتمام کررہا ہے ۔اس سلسلے میں 17اگست سے 31اگست تک سیاحتی استقبالیہ مرکز کپوارہ میںتمام انتظامات کوحتمی شکل دینے کے لئے انتظامیہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ضلع سے وابستہ 50نوجوان رضاکار تربیتی پروگرام میں حصہ لے رہے ہیں۔
’رواں تحریک کا مقصدصرف مسئلہ کشمیرکا حل‘
سرینگر// تحریک استقلال کے چیئرمین غلام نبی وسیم نے کہا ہے کہ اُ ن کی جماعت ایسے ہر عمل کو جمہوریت کے نام پر ڈرامہ تصور کرتی ہے جس میں مسئلہ کشمیر کا حقیقی حل تلاش کرنے کے بجائے فرار کا راستہ اختیار کا انداز موجود ہو۔انہوں نے کہا کہ تحریک چند سیاسی ،اقتصادی ، تجارتی اور سفارتی مراعات کے حصول کے لئے نہیں بلکہ یہ تحریک ریاستی جموں و کشمیر کے عوام کو استصواب رائے کا موقع فراہم کرنے کے لئے برپا کی گئی ہے۔
مرحوم محمد مقبول بٹ کے2ساتھی فوت، لبریشن فرنٹ کا اظہار افسوس
سرینگر// لبریشن فرنٹ نے مرحوم محمد مقبول بٹ کے دو ساتھیوں حاجی محمد شعبان میر ساکن براٹھ زینہ گیر اور علی محمد بٹ وتر گام رفیع آباد کی وفات پر گہرے رنج و غم کااظہار کیا ہے۔ فرنٹ کے ضلع صدر بارہمولہ عبدالرشید مغلو ،مولوی ریاض ،غلام قادر خان اور بشیر احمد میر کے ہمراہ براٹھ پہنچے اور وہاں مرحوم حاجی محمد شعبان میر کے لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کی جبکہ ایک اور وفد زونل سیکریٹری فاروق احمد ڈار کی سربراہی میں وترگام گیا اور وہاں مرحوم علی محمد بٹ کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ دریں اثناءفرنٹ کا ایک وفدنادی ہل رفیع آباد بھی گیا جہاں وفد نے معروف تاجر منظور احمد لون کی وفات پر انکے غمزدہ اہل خانہ سے تعزیت پرسی کی۔
ایس ای سوپورغیر حاضر،انفارمیشن کمیشن نے سنجیدہ نوٹس لیا
سرینگر // سٹیٹ انفارمیشن کمیشن نے ایس ای ہائیڈرالکس سوپور کی 9 اگست 2017 سنوائی کی سماعت میں غیر حاضر رہنے کا سنجیدہ نوٹس لیا ہے۔ایس آئی سی نے کہا ہے” ایف اے اے کا برتاﺅ آر ٹی آئی ایکٹ کی پیش بینی کی خلاف ورزی ہے“۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ نے ایس آئی سی کی سفارشات پر تمام انتظامی سیکرٹریوں ، محکموں کے سربراہوں اور پبلک اتھارٹیوں کے نام ایک سرکیولر جاری کیا کہ وہ سینیارٹی کے حساب سے افسروں کو پی آئی اوز اور ایف اے اےز تعینات کریں۔