کشتواڑ//15اگست کے سلسلے میں خطہ چناب کے تینوں اضلاع میں قومی جھنڈے لہرائے گئے اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی گئی۔تفصیلات کے مطابق ملک کے دیگر حصوں کی طرح کشتواڑ میں بھی 15اگست کی تقریب انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔اس موقعہ پر وزیر مملکت ٹرانسپورٹ، تعمیرات عامہ اور دیہی ترقی سنیل شرما نے قومی جھنڈا لہرایا اور مارچ پاسٹ سے سلامی لی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کشتواڑ ضلع کے ترقیاتی منظر نامے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت دور دراز اور پچھڑے علاقوں کی ترقی کی متمنی ہے۔انہوں نے لوگوں سے تاکید کہ وہ اُن شہداء کو یاد کریں جنہوں نے ملک کے سالمیت اور یکجہتی کے لئے جام شہادت نوش کیا۔علاوہ ازیں وزیر صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول شام لال چودھری نے 15اگست کی تقریب پر قومی جھندا لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے اُن شہیدوں کو یاد کیا جنہوں نے ملک کو آزادی دلانے کے لئے اپنی جانوں کی پرواہ تک نہیں کی۔ایم ایل اے رام بن نیلم لنگے، ڈی ڈی سی طارق حُسین گنائی، ڈ آئی جیم ایس ایس پی اور دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔15اگست کے سلسلے میں سپورٹس سٹیڈیم میں ایک تقریب منعقد ہوئی جہاں امداد باہمی اور امور لداخ کے وزیر چھرینگ دورجے نے ترنگا لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ایم ایل اے ڈوڈہ شکتی راج پریہار، ڈی ڈی سی ڈوڈہ بھوپندر سنگھ، ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شفیع کھٹانہ کے علاوہ کئی ضلع افسران اور طُلباء بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اس موقعہ پر تقریر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت ریاست کے تینوں خطوں کی متوازن ترقی کے لئے وعدہ بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی و مرکزی معاونت والی سکیموں پر کام شدو مد سے جاری ہے جس کے ثمرات ظاہر ہورہے ہیں اور لوگ حکومت کی ان کاوشوں کی سراہنا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے دُور دراز اورناقابلِ رسائی علاقوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے اقدامات اُٹھائے ہیں۔بھدرواہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں بھی اسی طرح کی تقریبات
منعقد کی گئیں۔