لیہہ//گورنر این این ووہرا نے لیہہ کے 14 کارپس ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں کارپس کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پی جے ایس پننو نے لیہہ میںموجودہ حالات سے آگاہ کیا۔ پننو نے گورنر کو ایل او سی پر موجودہ صورت حال سے آگاہی دِلائی اور لداخ خطے کے کلہم حالات کی بھی جانکاری دی ۔خاص طور پر خطے کے ساتھ رابطے اور گڈریے اور مویشی چرانے والوںکو درپیش مشکلات کے بارے میں تفصیلات پیش کیں۔ ادھرگورنر این این ووہر انے این سی سی کی طرف سے منعقدہ خصوصی این آئی کیمپ ( ایس این آئی سی ) میں حصہ لیا ۔ ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے لگ بھگ 200 این سی سی کیڈٹس نے ایس این آئی سی میں حصہ لیا۔اس موقعہ پر گورنر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور کیمپ میںشریک افسروں سے تعارف کرایا گیا۔این سی سی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ تمام این سی سی کیڈٹس کو وردی فخر سے پہننی چاہیئے کیونکہ وہ اُن 11 لاکھ طالب علموں میں شامل ہیں جنہیں ملک کے 40کروڑ نوجوانوں کی خاص تربیت میں حصہ لینا ہے۔گورنر نے کہا کہ یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ہمیں اپنے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لئے تمام تر اقدامات کرنے چاہئیں۔گورنر نے این سی سی ڈائریکٹوریٹ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ محکمہ لداخ کے دور دراز علاقے میں اس کیمپ کا انعقاد کر رہا ہے ۔ خطبہ استقبالیہ میں میجر جنرل نیلندرا کمارنے کیمپ کے مقاصد پر روشنی ڈالی ۔ اس موقعہ پر کیڈٹس نے ایک تمدنی پروگرام بھی پیش کیا۔