بھدرواہ //ضلع ڈوڈہ میں ایک سڑک حادثہ میں اُس وقت ماں، بیٹی سمیت تین افراد زخمی ہوئے ہیں جب انکی گاڑی ڈنسال جٹھی کے مقام پر ایک گہری کھائی میں جا گری۔اطلاعات کے مطابق ایک تویرا گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر JK06-7103،جو کہ بٹوت سے ڈوڈہ کی جانب جا رہی تھی ،ڈنسال کے مقام پر غالباً ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو گئی اور سڑک سے لڑھک کر گہری کھائی میں جا گری ،جسکی وجہ سے گاڑی میں سوار تین افراد زخمی ہوئے۔ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹر ڈوڈہ افتخار احمد کے مطابق پولیس کو جونہی اس کی اطلاع ملی تو فوری طور سے پولیس کی ایک ٹیم جائے موقعہ پر روانہ ہوئی اور مقامی لوگوں کے اشتراک سے گاڑی میں سوار زخمیوں کو پرائمری ہلیتھ سنٹر عصر منتقل کیا،جہاں پر تینوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بیان کی گئی ہے۔زخمیوں کی پہچان شفیقہ بیگم عمر 55سال زوجہ عبدالرشید ساکنہ گندوہ ،جوزیفہ ریحان عمر 29سال دُختر عبدالرشید ساکنہ گندوہ اور شہریار زرگر عمر25سال ساکنہ ٹھاٹھری کے طور پر بیان کی گئی ہے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک کیس درج کرکے ضروری کاروائی شروع کی ہے۔