اسمبلی اجلاس طلب کیا جائے:عمر

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
سرینگر//سابق وزیراعلیٰ عمرعبداللہ نے مرکز اور ریاستی سرکارکے عمل پرعدم اطمینان ظاہرکرتے ہوئے کہاکہ آرٹیکل 35-Aکی حفاظت کالائحہ عمل طے کرنے کیلئے بلاتاخیراسمبلی کاخصوصی اجلاس طلب کیاجائے۔عمرعبداللہ نے کہاکہ خصوصی پوزیشن کے مخالفین کوکراراجواب دینے کاوقت آگیاہے۔انہوں نے کہا ہے کہ بی جے پی کی سربراہی والی مرکزی سرکار کے اپروچ کے حوالے سے عوام میں کافی خدشات اورتحفظا ت پا ئے جاتے  ہیں ۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آرٹیکل 35-A کو منسوخ کرنے والی سوچ کو معقول اور بروقت جواب دینے کا وقت آگیا ہے ۔ سابق وزیر اعلیٰ نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ آرٹیکل 35-Aکی منسوخی کا معاملہ جموں ، کشمیر اور لداخ کیلئے انتہائی اہم ہے اور اس کی منسوخی کے سنگین اور خطرناک نتائج بر آمد ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کی خصوصی پوزیشن کو سپریم کورٹ آف انڈیا میں چیلنج کئے جانے کے معاملے پر مرکز کا جو رد عمل سامنے آیا ہے وہ غیر اطمینان بخش ہے جبکہ ریاستی حکومت کے سامنے آرٹیکل 35-A کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے عدالت عظمیٰ کے 5 رکنی بینچ کے سامنے ایک مضبوط کیس کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پورے معاملے پر وسیع تر اتفاق رائے پیدا کرنے اور بحث و مباحث کی ضرورت ہے لہٰذا ایوان اسمبلی سے مقدس اور موثر دوسرا کوئی پلیٹ فارم نہیں ہوسکتا  ۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ جموںوکشمیر کی خصوصی پوزیشن کو چیلنج کرنے کا معاملہ انتہائی حساس ہے ، قانون ساز اسمبلی کو یہ قانونی اور آئینی اختیار حاصل ہے کہ وہ اس حساس معاملے پر اپنا فیصلہ سنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کی خصوصی پوزیشن کے تحفظ اور دفاع کے حوالے سے ریاست کے تینوں خطوں میں یکساں رائے پائی جارہی ہے کیونکہ جموںوکشمیر کو آئینی ضمانت آئین ہند نے ہی دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ریاسی عوام اس پورے معاملے پر پارٹی سیاست سے بالا ر ہوکر جموںوکشمیر کی خصوصی پوزیشن و ددفاع کیلئے کھڑے ہونگے ۔ 
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *