سرینگر//جنگلات و ماحولیات ، بھیڑ و پشو پالن ، ماہی پروری اور امداد باہمی کے وزیر مملکت نے کھمبر چھتر ہامہ کا دورہ کر کے شیپ فارم کے قیام کے لئے مجوزہ جگہ کا معائینہ کیا۔ یہ شیپ فارم داچھی گام نیشنل پارک سے منتقل کیا گیا ہے ۔ اس موقعہ پر وزیر کو بتایا گیا کہ اس وقت فارم میں 211 بھیڑ ہیں جن کو عارضی شیڈوں میں رکھا گیا ہے۔ اُنہیں یہ بھی بتایا گیا کہ داچھی گام سے فارم کی منتقلی میں محکمہ کو شدید مشکلات درپیش ہیں جن کو جلد از جلد حل کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر نے محکمہ کے افسران کو یقین دلایا کہ حکومت یہ معاملہ فوری طور حل کرنے میں کافی سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ حل کرنے کے لئے صوبائی کمشنر کشمیر اور محکمہ مال کے حکام کے ساتھ عنقریب ایک میٹنگ منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ کھمبر چھتر ہامہ میں سرکاری زمین عنقریب شیپ محکمہ کو منتقل کی جائے گی۔ وزیر نے شیپ محکمہ کو بڑے پیمانے پر شیپ فارم کے قیام کے لئے ایک منصوبہ ترتیب دے کر اس کو ضروری کارروائی کے لئے متعلقین کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے محکمہ کے اہلکاروں کو لگن اور تندہی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔ دورے کے دوران ممبر اسمبلی محمد اشرف میر،ناظم شیپ ہسبنڈری کشمیر اور محکمہ کے اعلیٰ افسران بھی وزیر کے ہمراہ تھے۔