سرینگر //گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے سڑک کے بیچوں بیچ تعمیر کی گئی ڈرین نے کالج میں زیر تعلیم طلبہ اور عملے کو شدید مشکلات میں مبتلا کردیا ہے اور ڈرین سے سڑک پر جمع ہوئے گندے پانی کی بد بو کی وجہ سے طلبہ اور عملے نے کالج کا راستہ ہی بدل دیا ہے۔ میڈیکل کالج میں زیر تعلیم طلبہ کا کہنا ہے کہ کالج انتظامیہ سڑک کے بیچوں بیچ بنائی گئی ڈرین سے نکلنے والے گندے پانی کی وجہ سے نہ صرف ان کا کالج آنا جانا مشکل ہوگیا ہے بلکہ کالج میں زیر تعلیم کئی طلبہ انفیکشن کے شکار ہوگئے ہیں ۔ انہوںنے بتایا کہ سڑک کے بیچوں بیچ بنی ڈرین سے نکلنے والے گندے پانی کی بد بو سے ان کا کلاسوں میں بیٹھنا مشکل بن گیا ہے۔ کالج کے ایک طالب عمل فیصل احمد نے بتایا ’’ چند سال قبل میڈیکل کالج صحن میں لگے پھولوں کی خوشبو سے مہکتا تھا مگر اب ڈرین سے نکلنے والی بد بو نے کالج آنے والے طلبہ ، تدریسی عملے اور مریضوں کا چلنا پھر نا مشکل ہوگیا ہے۔ طلاب نے بتایا کہ کالج انتظامیہ اس مسئلے سے بخوبی واقف ہے تاہم خاموشی تماشائی بنے ہوئے ہیں۔