سرینگر//مال ، امدا د ، باز آباد کاری اور تعمیر نو کے وزیرعبدالرحمان ویری نے کہا ہے کہ بنیادی ڈھانچہ اور مارکیٹ انفارمیشن کی مزید ترقی ایسے اقدامات ہیں، جن سے کسانوں کی آمدن میں اضافہ کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ وزیر نے ان باتوں کا اظہار جبلی پورہ بجبہاڑہ میںزیر تعمیر میوہ و سبزی منڈی پر جاری کام کا جائز ہ لینے کے دوران کیا۔ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر یونس احمد ملک، ڈائریکٹر باغبانی ، منصوبہ بندی اور مارکیٹنگ منظور احمد قادری اور مال و باغبانی محکموں کے متعلقہ افسران وزیر کے ہمراہ تھے۔اس ہائی ٹیک میوہ منڈی کو 422 کنال اراضی پر 33 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے ۔ اس منڈی میں اپنی نوعیت کی پہلی کولڈ سٹوریج سہولیت کے علاوہ گریڈنگ، پیکنگ ، گیسٹ ہاوس اور ٹرک ٹرمنل کی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔ اس کے علاوہ منڈی میں سینکڑوں دکانیں بھی تعمیر کی جائیں گی۔ وزیر موصوف نے کہا کہ یہ منڈی جنوبی کشمیر کی سب سے بڑی منڈی ہوگی اور یہ سال بھر اپنا کام کاج کرتی رہے گی۔وزیر نے افسران کو ایشیا کی بہترین میوہ منڈیوں کے ڈی پی آر کا جائزہ لینے اور اُن کے مطابق جبلی پورہ منڈی کی تعمیر کرنے کی ہدایت دی ۔وزیر موصوف نے باغبانی سیکٹر کو ریاست کی اقتصادیات میں اہمیت کاحامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شعبہ ریاست کی اقتصادی خوشحالی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے اور آبادی کا ایک اچھا خاصہ حصہ اِس شعبے سے مستفید ہوتا ہے۔اس موقعہ پر موجود ضلع انتظامیہ کے حکام اور متعلقہ افسران نے وزیر کو کام میں سرعت لانے کا یقین دلایا۔