سرینگر//جنوبی کشمیر میں کشیدگی کے پیش نظر دوروز تک معطل رہنے والی ریل خدمات سنیچر کو بحال کی گئیں۔16اگست کو پلوامہ میں لشکر طیبہ کمانڈر ایوب لیلہاری کے جاں بحق ہونے کے بعد سرینگر اور بانہال کے درمیان ریل سروس سیکورٹی وجوہات کی بناء پر معطل کردی گئی۔واضح رہے کہ ریلوے لائن کے اس حصے پر16اگست کی صبح ہی چار روز بعد ریل خدمات بحال کی گئی تھیں جو13اگست کو شوپیان میں حزب آپریشنل کمانڈر سمیت 3جنگجوئوں کے جاں بحق ہونے کے بعد بند کردی گئی تھی۔ تاہم اس دوران سرینگر اور بارہمولہ کے درمیان ٹرین سروس معمول کے مطابق جاری رہی۔چنانچہ دو روزہ معطلی کے بعد سنیچر کوسرینگر اور بانہال کے درمیان ریل خدمات بحال ہوگئیں۔شمالی ریلویز کے ایک آفیسر نے بتایا کہ بارہمولہ اور بانہال کے درمیان تمام ریل گاڑیوں نے معمول کے مطابق سفر کیا۔واضح رہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران جنوبی کشمیر میں کشیدہ صورتحال کے باعث ریل خدمات سیکورٹی وجوہات کی بناء پر متواتر طور معطل رہی ۔