کرگل کو وسعت دی گئی تو سیاحت میں انقلاب آئیگا

Kashmir Uzma News Desk
2 Min Read
سانکو(کرگل)//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ کرگل کو سیاحتی مارکیٹ میں ایک الگ پیکج کے طور ترقی دی جائے گی۔ آج دو سڑک پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ایک بھاری عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قدرت نے کرگل کو قدرتی حُسن سے مالا مال کیا ہے جسے ہمیں ایک الگ پیکج کے طور سیاحوں کے سامنے پیش کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں دُنیا بھر میں مشہور قد آور بودھ مجسمے موجود ہیں جنہیں اگر بدھشٹ ٹورسٹ سرکٹ کے ساتھ جوڑا جائے تو علاقے کی سیاحت میں ایک نیا انقلاب آئے گا۔محبو بہ مفتی نے کہا کہ بمبت، ہُندر مان اور دیگر مقامات کو نہ صرف سرحدی سیاحت کے طور ترقی دی جاسکتی ہے بلکہ کرگل جنگ کی یاد گار بھی سیاحوں کی کشش کا مرکز بن سکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مقامی سکول کو ہائیر سکینڈری سکول سطح تک اپ گریڈ کرانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے علاقے میں ایک نرسنگ سکول کھولنے کے امکانات تلاش کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے  تعمیرات عامہ محکمہ کو پانیکھر سے کشتواڑ تک سڑک تعمیر کرنے اور دیہات کو بجلی فراہم کرنے کے لئے سروے کرانے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر یونیورسٹی کے سیٹلائٹ کیمپس میں اِنٹی گریٹیڈ کورسز کے علاوہ مزید مضامین کو پڑھانے کا بھی انتظام کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے21.97 کروڑ روپے کی لاگت والی18.10 کلو میٹر براکو۔ ایچو سڑک کی اپ گریڈیشن کا سنگ بنیاد رکھا۔وزیر اعلیٰ نے18 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے10.10 کلو میٹر لمبے پھوتانگ۔ کرشا۔ ساری زنسکار سرکیولر روڈ پروجیکٹ کا بھی سنگ بنیاد رکھا جو اگلے سال مکمل ہوگا۔کھمبا تھانگ میں وزیر اعلیٰ نے مقامی ہسپتال کو جدید بنانے اور علاقے میں تعلیمی زون قائم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے سرو دریا پر پُل تعمیر کرنے کے امکانات تلاش کرنے کی بھی ہدایت دی۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *