کپوارہ//آلوسہ کرالہ پورہ میں لوگ بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے اس قدر تنگ آچکے ہیں کہ انہوں نے محکمہ بجلی سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کے کھمبو ں اور ترسیلی لائنو ں کو اٹھا کر ورکشاپ میں جمع کریں ۔اتوار کو آلوسہ میں محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے لوگو ں نے بتا یا کہ شیخ پورہ اور ہیر پورہ کا 100KVبجلی ٹرانسفارمر عید الفطر کے روز خراب ہو چکا ہے جس کے بعد لوگو ں نے چندہ جمع کر کے ٹرانسفار مر کو ٹکر میں واقع ورکشاپ پہنچادیا ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ عید الاضحی بھی اب قریب پہنچ گئی لیکن آج تک ٹرانسفارمر کو ٹھیک کر کے دو بارہ واپس نہیں لایا گیا ۔انہوں نے الزام لگایا کہ انہوں نے کئی بار ورکشاپ کے چکر کا ٹے لیکن آج تک کوئی کاروائی نہیں کی گئی ۔مقامی لوگو ں نے بتا یا کہ بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے وہ شام ہوتے ہی گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 70کنبوں پر مشتمل آبادی کے لئے زیادہ صلاحیت والے بجلی ٹرانسفارمر کی ضرورت ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر عید سے قبل ٹرانسفار مر کو ٹھیک کر کے دوبارہ نصب نہیں کیا گیا تو وہ زور دار احتجاجی مہم چھیڑ دیں گے ۔