کرگل //وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی جو لداخ خطے کے تین روزہ دورے پر ہیں ،نے یہاں کشمیر یونیورسٹی کے دو سیٹ لائیٹ کیمپس کا افتتاح کیا ۔ لداخ خطے میں سیٹ لائیٹ کیمپس کا قیام مقامی لوگوں کی دیرینہ مانگ تھی ۔ دونوں کیمپس میں درس و تدریس اور طلاب و اساتذہ کیلئے رہایشی سہولیات دستیاب ہیں ۔ کرگل میں وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ کشمیر یونیورسٹی کے سیٹ لائیٹس کیمپس کی تعمیر پر 29 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے اور اس میں 150 طلاب کیلئے درس و تدریس و رہایشی سہولیت دستیاب ہے ۔ پہلے مرحلہ میں کرگل کیمپس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ، عربی اور باٹنی مضامین پڑھائے جائیں گے ۔ طلاب کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کے دوران محبوبہ مفتی نے طلاب کو اپنے علاقوں سے سیٹ لائیٹ کیمپس تک لانے اور لے جانے کیلئے بس کی فراہمی کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کیمپس میں فارسی ، ایجوکیشن اور کچھ فروغ ہُنر مضامین متعارف کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ وزیر اعلیٰ نے کیمپس کیلئے بلا خلل بجلی کی ترسیل یقینی بنانے کیلئے سولر پاور پلانٹ وی۔ سیٹ اور ڈی جی سیٹ دستیاب رکھنے کی ہدایت دی ۔ چیئر مین قانون ساز کونسل حاجی عنایت علی ، وزیر برائے تعلیم سید الطاف بخاری ، وزیر برائے تعمیراتِ عامہ نعیم اختر ، سی ای سی ، ایل اے ایچ ڈی سی کرگل کاچو احمد علی ، وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی ، ایگزیکٹو کونسلرز ، یونیورسٹی اور ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔ بعد میں وزیر اعلیٰ نے اپنے لداخ دورے کے دوسرے دن لہیہ کا دورہ کیا یہاں انہوں نے کشمیر یونیورسٹی کے لہیہ سیٹ لائیٹس کیمپس کا پھیانگ میں افتتاح کیا ۔ مجموعی طور 27.40 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا لیہہ سیٹ لائیٹ کیمپس 819 کنال اراضی پر پھیلا ہوا ہے ۔ کیمپس میں کلاس رومز ، ہوسٹل ، ایڈمنسٹریٹو بلاک ، آرٹس اور سائینس مضامین کیلئے علیحدہ اعلیحدہ عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے کیمپس میں روز گار موافق انڈر گریجویٹ مضامین شروع کرنے کی ہدایت دی ۔ اس کے علاوہ انہوں نے علاقائی ترقی ، نسل نگاری ، عرضیات وغیرہ مضامین شروع کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو کیمپس کیلئے پانی کے بلا خلل ترسیل کیلئے مستقل انتظامات کرنے کیلئے کہا ۔