لیہہ//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اپنے لداخ کے سہ روزہ دورے کے دوسرے دن لداخ خود مختار ہل ڈیولپمنٹ کونسل لیہہ کیلئے مختلف ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے مقصد سے 10 کروڑ روپے کی اضافی گرانٹ کا اعلان کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے اس کا اعلان یہاں ایل اے ایچ ڈی سی لیہہ کے ایک وفدکے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران کیا جس کی صدارت سی ای سی ڈاکٹر سونم داوا کر رہے تھے ۔ محبوبہ مفتی نے اُمید ظاہر کی کہ یہ رقم خطے میں مزید سیاحتی سہولیات کے قیام اور چند حساس نوعیت بالخصوص سیلاب سے بچاو¿ کاموں پر صرف کئے جائیں گے ۔ وفد نے خالی پڑی آسامیوں بشمول ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی آسامیوں کو پر کرنے کی مانگ کی ۔ وفد نے خطے میں کام کاج کے مختصر سیزن کے پیش نظر لیہہ اور کرگل ہل کونسلوں کے حق میں واگذار کی گئی رقومات کو نان لیپس ایبل بنانے کی بھی مانگ کی ۔ انہوں نے مقامی سکولوں میں بودھی اور عربی اساتذہ کی تعیناتی کی بھی مانگ کی ۔ خواتین کونسلروں پر مشتمل ایک وفد بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقی ہوا اور علاقے میں شراب کی فروخت پر پابندی عاید کرنے کی مانگ کی ۔ انہوں نے ضلع میں خواتین کے خلاف حراسانی اور دیگر جرایم سے متعلق معاملات کی تیز تر شنوائی کیلئے فاسٹ ٹریک کورٹ قایم کرنے کی مانگ کی ۔ انہوں نے مقامی کالج میں لڑکیوں کیلئے ہوسٹل کے قیام پر بھی زور دیا ۔ وزیر اعلیٰ نے ضلع انتظامیہ کو خواتین کے خلاف جرایم کی تحقیقات کی رفتار میں سرعت لانے کی ہدایت دی اور لیہہ میں عورتوں کیلئے ہوسٹل کے قیام کے امکانات پر غور کرنے کیلئے بھی کہا ۔ بودھ عالموں ، مقامی ٹھیکیداروں اور ملازمین کے وفود بھی محبوبہ مفتی سے ملے اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے وفود کو یقین دلایا کہ اُن کی جائیز مانگوں پر غور کر کے ترجیحی بنیاد پر پورا کیا جائے گا ۔