سرینگر//وزیر مملکت برائے ٹرانسپورٹ سنیل کمار شرما نے کل پارمپورہ سرینگر کا دورہ کر کے وہاں جموں کشمیر سٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے کارگو ڈویژن کا معائینہ کیا ۔ وزیر نے ڈویژن کے کام کاج کا جائیزہ لیا اور ادارے کے افسران اور ملازمین کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے موقعہ پر ہی متعلقہ حکام کو ڈویژن کے کام کاج اور افرادی قوت ، بنیادی ڈھانچے کی توسیع کیلئے ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی زور دیا اور ادارے کے کام کاج میں شفافیت برتنے کیلئے دفتری ریکارڈ کو متواتر جائیزہ لیتے رہنے کی بھی ہدایت جاری کی ۔ وزیر نے منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایس آر ٹی سی کو ہدایت دی کہ وہ پارمپورہ میں ڈرائیونگ انسٹی چیوٹوں کے قیام کیلئے زیر تعمیر پروجیکٹ پر کام کی رفتار میں سرعت لائیں ۔ جس کیلئے مرکزی وزیر برائے سڑک و ٹرانسپورٹ نے پہلے ہی رقومات واگذار کی ہیں ۔ انہوں نے جے کے ایس آر ٹی سی کے حکام کو پرانی گاڑیوں کی نیلامی کے عمل میں سرعت لانے کی بھی ہدایت دی ۔ انہوں نے بورڈ آف انسپیکشن اور ریجنل ٹرانسپورٹ آفس کشمیر کے دفاتر کا بھی دورہ کیا اور عام لوگوں سے تبادلہ خیال کر کے اُن کی شکایات سُنیں ۔ سنیل شرما نے موقعہ پر ہی آر ٹی او کو موٹر وہیکلز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے فیس کو جمع کرنے وغیرہ سے متعلق آن لائیں خدمات کی تفاصیل کیلئے سائین بورڈآویزاں کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو عام لوگوں میں محکمہ کی جانب سے فراہم کی جا رہی آن لائین خدمات کے بارے میں پرنٹ ، الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے جانکاری عام کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ گاڑیوں کی فٹنس اور ایچ ایس آر پی کا معاملہ بھی وزیر کے زیر غور لایا گیا جس کے ضمن میں انہوں نے عنقریب شکایات کا ازالہ کرنے کا یقین دلایا ۔ وزیر کے ہمراہ وائس چئیر مین جے کے ایس آر ٹی سی ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایس آر ٹی سی اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران تھے ۔