سرینگر/حضرت امام محمد تقیؑ کے یوم شہادت کے سلسلے میں انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے خامنہ ای کالونی رکھ آرتھ بمنہ میں مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے امام عالی مقامؑ کے سیرت و کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی اور آپؑ کے واقعات شہادت بیان کئے۔ اس موقعہ پر آغا حسن نے میر بحری ڈل سے انخلاکرکے رکھ آرتھ میں آباد متاثرین کے مسائل کی طرف حکومت کی عدم توجہی پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وعدوں اور یقین دہانیوں کے باوجود اپنے آبا و اجدا کے مسکن کو خیر باد کرنے والے اِن لوگوں کو حکومت نے اپنے حال پر چھوڑ رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کالونی ابھی تک بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔