سرینگر //سرپرست نیشنل کانفرنس نے محبوبہ مفتی کو ایک تحریری خط لکھ کر جموں میں وجے پور علاقے میں ایمزکیلئے نشاندہی کی گئی گوجربستی کے متاثرین کی بازآبادکاری کیلئے اقدام اٹھانے کامطالبہ کیاہے۔ فاروق عبداللہ کی جانب سے تحریرایک خط میں لکھاگیاہے کہ وجے پور سانبہ کے گوجروں کاایک وفد ان سے ملاقی ہوا جس نے بتایاکہ ایمزجموں کیلئے منتخب کی گئی جگہ سے 250 گوجرکنبوں کودربدرہوناپڑے گا۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کی طرف سے گوجروں کوبستی چھوڑنے کیلئے کہاجارہاہے اوران کو ایک نالے کے قریب بٹھایاجارہاہے جہاں پران کی حفاظت کیلئے کوئی انتظام نہیں ہے اوربارش سے تباہی ہوسکتی ہے۔فاروق عبداللہ نے متاثرین کی بازآبادکاری کیلئے اقدامات کامطالبہ کیاہے۔دریں اثنانیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور ایم ایل اے کنگن میاں الطاف احمد نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ AIIMSکے قیام کیلئے جموںپٹھان کوٹ نیشنل ہائے وے پر 200نامزدکنبوں کو عبداللہ بستی سے زمینیں خالی کرنے کو کہا گیا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سانبہ ضلع کے وجے پور علاقے میں آل انڈیا انسٹیچوٹ آف میڈیکل سائنس کے قیام کیلئے عبداللہ بستی کے لوگوں کو زمینیں خالی کرنے کو کہا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ حیرت اور بدقسمتی کی بات ہے کہ پی ڈی پی اور بی جے پی حکومت 200ایسے کنبوں کو زمینیں خالی کرنے پر مجبور کر رہی ہے جو پچھلے 20برسوں سے وہاں رہائش پزیر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ حکم نامہ لوگوں سے مناسب مشاورت اور بازآباد کاری پلان کے بغیر عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سرکار کے پاس علاقے میں AIIMSکی تعمیر کیلئے بہت ساری زمین دستیاب ہے تو حکومت کو اسی پر توجہ دینی چاہئے تھی ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی AIIMSکے قیام کے خلاف نہیں ہے لیکن اس کیلئے غریبوں کو کوئی دوسری جگہ دستیاب نہ ہو یہ ظالمانہ اقدام ہے۔ میاں الطاف نے حکومت پر زور دیا ہے کہ ہے وہ متاثرہ کنبوں کیلئے مناسب سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ مناسب بحالی کی منصوبہ بندی کریں ۔