جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے پنتھرس پارٹی کے لداخ، کشمیر اور جموںکے لیڈروں سے 9ستمبر، 2017کوجموں میں ہونے والے خصوصی اجلاس کے تعلق سے بات چیت کی ۔پارٹی نے کشمیری قیادت کی تعریف کی جنہوں نے تمام ذمہ داریوں کے ساتھ وادی میں خصوصی اجلاس منعقد کرنے کی دعوت دی۔ پروفیسربھیم سنگھ نے پارٹی کی لداخ اور جموں کی قیادت سے تبادلہ خیال کے بعد کشمیر ی قیادت کو یقین دلایا کہ پارٹی کے نمائندوں اور سرگرم اراکین کا ایک خصوصی اجلاس اکتوبر 2017میں کشمیر میں کرایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پارٹی کا الیکشن ایک طویل عمل ہے جسے تھوڑے وقت میں کشمیر میں کرانا آسان نہیں ہوگا۔راجوری، پونچھ، کٹھوعہ اور جموں کے سرحدی علاقوں کے نمائندوں نے بھی کشمیر میں سالانہ خصوصی اجلاس میں شرکت سے معذور ی کا اظہار کیاتھا کیونکہ تھوڑ ے وقت کے علاوہ موسم کے حالات وہاں آنے جانے کے موافق نہیں ہیں۔پروفیسر بھیم سنگھ نے وادی کشمیر کے بھائیوں کو یقین دلایا کہ پارٹی کاخصوصی اجلاس اکتوبر 2017میں وادی کشمیر میں کرایا جائے گا۔پنتھرس پارٹی کے انتخابات کے چیف رٹرننگ افسر پی کے گنجو نے پارٹی کے گیارہ سینئر عہدیداروں پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی ہے۔ پارٹی کے چیرمین ، صدر اور ورکنگ کمیٹی کے15 اراکین کے عہدہ کے لئے کاغذات نامزدگی یکم ستمبر سے تین ستمبر تک داخل کئے جاسکتے ہیں۔ورکنگ کمیٹی کے 14ارکین کے ناموں کی تجویز پارٹی کے چیرمین سینئر اراکین کے ساتھ صلاح مشورہ کے بعد پیش کریں گے۔جموں وکشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کے 33ویں سالانہ اجلاس کے لئے بنسی لال شرما ایڈوکیٹ ، جوائنٹ کنوینر نریش چب اور ایڈوکیٹ غلام محمد شان یکم ستمبر 2017تک منتظم کمیٹی قائم کریں گے ۔جموں میں ہونے والے 33ویں سالانہ اجلاس کے لئے ہر ضلع کی ایک تیاری کمیٹی ہوگی۔ پروفیسر بھیم سنگھ نے سکریٹریٹ اور ورکنگ کمیٹی کے رخصت پذیراراکین کا شکریہ ادا کرنے کے لئے جلد از جلد الوداعی تقریب کااہتمام کرنے کا چیرمین اور صدر کو مشورہ دیا۔