جموں//شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی کی جانب سے ’’بیسک کمیونی کیشن ، انٹرپرینرشپ اینڈ ٹیکنالوجی ‘‘ کے موضوع پر پروفیسرگیان چندجین سیمینار ہال شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی میں یک روزہ ورکشاپ کاانعقاد کیاگیا ۔اس دوران فنشنگ انسٹی چیوٹ نئی دہلی کے ذوالفقاراحمد ریسور پرسن تھے جبکہ ان کے ہمراہ برانڈ ایون جیلسٹ آف فنشنگ سٹڈیو شیکھا مہاجن بھی تھیں۔ ورکشاپ میں طلباء، اسکالرس اورشعبہ اُردوکے فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر صدرشعبہ اُردو جموں یونیورسٹی پروفیسرشہاب عنایت ملک نے شرکاء کو ریسورس پرسن ذوالفقار احمد کاتعارف پیش کیا۔انہوں نے ورکشاپ کے انعقادکے اغراض ومقاصد بھی بیان کئے۔ ذوالفقار احمد نے ’’بیسک کمیونی کیشن ، انٹرپرینرشپ اینڈٹیکنالوجی ‘‘ یعنی بنیادی بول چال، کاروباراور ٹیکنالوجی کے موضوع پرتفصیلی خیالات کااظہارکیا۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں روزانہ 86400 بیش قیمتی سیکنڈعطاکئے ہیں جن کا ہمیں منصفانہ استعمال کرناچاہیئے۔انہوں نے کہاکہ کامیاب زندگی گذارنے کیلئے لازمی ہے کہ ہم وقت کامنصفانہ استعمال کریں۔انہوں نے موجودہ دوراورکاروبارمیں ٹیکنالوجی کی اہمیت کے بارے میں خیالات کااظہارکیا۔انہوں نے کہاکہ عام طورپر طلباء کویہ سمجھناچاہیئے کہ ٹیکنالوجی کے بغیر کامیاب کاروباری بنناناممکن ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ٹیکنالوجی کاروبارمیں ترقی کاباعث بنتی ہے اور کامیابی کے نت نئے مواقعے اوردرکھولنے کا موجب بنتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بے روزگاری کے دورمیں بھی ٹیکنالوجی کی جانکاری رکھنے والا شخص بہ آسانی روزگارحاصل کرسکتاہے۔انہوں نے طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اُردووکوروزگارسے جوڑنے کی تلقین کی۔ ورکشاپ کے دوران ذوالفقاراحمدنے اُردوشعرا مثلاً غالب،میر، اقبال وغیرہ کے شعربھی پڑھے جن سے طلباء لطف اندوز ہوئے۔اس دوران نظامت کے فرائض ڈاکٹرعبدالرشید منہاس نے انجام دیئے۔اس موقعہ پر پروفیسر سکھ چین سنگھ، پروفیسرضیاء الدین، ڈاکٹرچمن لال ، ڈاکٹر فرحت شمیم ودیگران بھی موجودتھے۔