سرینگر// شہام پورہ نوہٹہ میں بارشوں کے دوران جمع پانی کی نکاسی کیلئے بچھائی گئی پائپ ٹریفک حادثوں کا موجب بن رہی ہے اور آئے روز یہاں نہ صرف سکوٹر سوار گر جاتے ہیں بلکہ راہ گیر پھسل کر گر جاتے ہیں۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بارشوںکے پانی کی نکاسی کیلئے سرینگر میونسپل کارپوریشن کی طرف سے علاقہ میں ہیٹرک شاپ کے متصل گلی میںپائپیں بچھائی گئیں تاہم بعد میں اس پر روڈی ڈالی گئی اور نہ ہی میکڈم بچھایا گیا جس کی وجہ سے پائپ کھلی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب آئے روز یہاں سے گذرنے والے سکوٹر حادثے کا شکار ہوجاتے ہیں جبکہ با رشوں کے دنوں میں راہ گیر پھسل کر گر جاتے ہیں۔مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ سرینگر میونسپل کارپوریشن کی توجہ کئی بار اس جانب مبذول کرائی گئی تاہم کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ علاقہ میں ان دنوں سڑکوں پر میکڈیم بچھایا جارہا ہے تاہم اس سڑک کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔