سرینگر//ایم ایل اے انجم فاضلی نے کل شہر سرینگر کا تفصیلی دورہ کر کے متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں پر جاری کام کی رفتار کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے شہر کے شاہین محلہ ، ٹھاکر محلہ ، نور باغ ، سید منصور ، دانہ بازار ، جلدگار اور حبہ کدل علاقوں کا دورہ کیا۔ لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایم ایل اے نے کہا کہ حکومت لوگوں کو بنیادی سہولیت کی فراہمی اور ریاست کی کلہم ترقی کیلئے وعدہ بند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں حکومت نے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے ترقیاتی اقدامات کے نتایج زمینی سطح پر ابھر کر سامنے آ رہے ہیں ۔ترقیاتی کاموں کی تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے کام کی رفتار میں سرعت لانے کی ہدایت دیتے ہوئے ایم ایل اے نے علاقہ میں جاری گلی کوچوں کے کام کو مکمل کرنے کیلئے اپنے سی ڈی ایف میں سے 10 لاکھ روپے فراہم کرنے کا اعلان کیا ۔دانہ بازار ، سید منصور علاقے کا دورہ کرتے ہوئے ایم ایل اے نے مقامی قبرستان کی دیوار بندی کے کام کے علاوہ دیگر ترقیاتی کاموں کا بھی معائینہ کیا ۔ انہوں نے معیاری مواد استعمال کر کے ان کاموں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ جاری ترقیاتی کاموں کے مکمل ہونے کے بعد علاقے میں اور زیادہ ترقیاتی کام ہاتھ میں لئے جائیں گے ۔