فیشن کا لفظ اتناوسیع ہے کہ اپنے اندر ہزاروں سالوں کے رسم ورواج سمیٹ سکتا ہے۔ اس کا اظہار نہ صرف کپڑوں ، جوتوں اور میک اپ سے ظاہرہوتا ہے بلکہ آپ کے گھر کے پینٹ ، برتن ، پردے، بیڈ شیٹ کورز اور لان کے پھولوں سے بھی ہوتا ہے اب جبکہ موسم تبدیل ہورہا ہے اس موسم میں جہاں پہناوؤں میں تبدیلی آتی ہیں وہیں خواتین کی کوشش ہوتی ہے کہ گھروں میں فریش پینٹ بھی کروالیا جائے اور پردوں کو بھی تبدیل کر لیاجائے تاکہ موسم سرما سے لطف اندوز ہوا جاسکے۔ سردیاں شروع ہوتے ہی چھوٹے بڑوں کے کپڑے خواتین کی سوچ پر چھائے رہتے ہیں اس مقصد کے لئے وہ مارکیٹ اورسنڈے بازاروں کا رخ کرتی ہیں اور بچوں کے لئے زیادہ سے زیادہ کپڑے خریدنے کی کوشش کرتی ہیں کیونکہ سردیوں میں کپڑے دھونا اور کپڑت سکھانا بہت مشکل ہوجاتا ہے اسی طرح خواتین نے اپنے بارے میں بھی سوچناہوتا ہے کہ سردیوں میں کس طرح کے کپڑے پہننے ہیں۔
کئی خواتین چاہتی ہیں کہ مغربی طرز کے کپڑوں میں بلاک پرنٹس کا انتخاب کریں۔ اس کے علاوہ پینٹ پہننے کا فیشن بھی سردیوں میں خاصا مقبول ہوجاتا ہے۔ ٹایٹس اور ٹاپ بھی خواتین شوق سے پہنتی ہیں۔ اس کے علاوہ گاؤن اور لمبے کوٹ بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔ دراصل لباس کا مناسب انتخاب ایک فن کی حیثیت رکھتا ہے جوخواتین اس بات کی اہمیت کوسمجھتی ہیں وہ تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے لباس کا انتخاب کرتی ہیں۔ فیشن ماہرین کی رائے کے مطابق لباس کاانتخاب کرتے ہوئے اپنی شخصیت کو ضرورمدنظر رکھنا چاہئے اگر آپ کا رنگ سانولا ہے تو گہرے اور براؤن رنگ آپ کیلئے مناسب نہیں کیونکہ اس طرح آپ کی رنگ آپ کے لباس تلے دب کررہ جائے گی۔ آپ کھلتے ہوئے رنگ کے لباس کا چناؤ کریں۔
اس طرح اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ فیشن ہر شخصیت پر اچھا نہیں لگتا۔ بعض اوقات فیشن آپ کی شخصیت کو مضحکہ خیز بھی بنادیتا ہے۔ اگر آپ کہیں جاب کرتی ہیں تو فیشن اور اپنی شخصیت کو مد نظر رکھ کر ہی لباس کا انتخاب کریں بلکہ لباس ایسا ہو جوآپ کی شخصیت سنجیدہ ظاہر کرے۔ اسی لئے آفس جاتے ہوئے ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں اور گہرے میک اپ سے گریز کریں۔ ایک آفس جانے والی خاتون کو موئسچرائزر لپ گلاس ، آئی پنسل اور مسکارا کے علاوہ کچھ اوراستعمال کرنے سے گریز کرنا چاہئے تاکہ چہرے کا قدرتی پن برقراررہے۔