جموں//جموں وکشمیرپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میرنے کہاہے کہ ریاست جموںو کشمیرمیں پی ڈی پی۔بی جے پی اگرچہ ہر حساس معاملے پرآپس میں دست وگریباں ہیں لیکن اقتدار کے لالچ میں دونوں جماعتیں خوب مزے اڑا رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ کانگریس اپنے موقف پربرابر قائم ہے کہ ان دونوں جماعتوں کااتحاد ریاست کے مفادات کے سراسرمنافی ہے ۔کٹھوعہ، سانبہ ، اورجموں میں کانگریس لیڈروں اورورکروں سے خطاب کرتے ہوئے پی سی سی چیف نے کہاکہ وقت نے ثابت کردیا ہے کہ ان دونوں جماعتوں کاالائنس مکمل طور پر ناکام ہوچکاہے بلکہ یہ ریاست کے عوام کے مفادات کے سراسرمنافی ثابت ہواہے ۔اوران دونوں جماعتوں نے ریاست میں سیاسی، سماجی اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی پرتضادات کھڑے کردیئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ کانگریس ہی ملک کی واحدایسی سیاسی جماعت ہے جس نے ملک وریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی قدروں، ااپسی بھائی چارے اورسیکولرازم کواستحکام بخشنے کیلئے ناقابل فراموش خدمات انجام دی ہیں۔عوام اورخصوصی طور سے کانگریس ورکروں کوفرقہ پرست اورتفریق پسند قوتوں سے خبرداررہنے کی تلقین کرتے ہوئے غلام احمدمیر نے کہاکہ ان عناصر کے ناپاک منصوبوں کوناکام بنانے کیلئے متحدہوکر کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس ان عناصر کی مذموم کوششوں کوناکام بنانے کے لئے ہمیشہ سے ہی سیسہ پلائی ہوئی دیوارکی طرح ڈٹی رہی ہے اورآئندہ بھی ماضی کی طرح ان عناصرکی چالوں کوخاک میں ملانے کیلئے ڈٹ کرمقابلہ کرے گی اورریاست کی سا لمیت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کوآنچ نہیں آنے دے گی۔نائب صدر پی سی سی شام لال شرمانے کہاکہ جموں خطہ کے لوگوں میں بی جے پی اپناوقار کھوچکی ہے ۔ آئندہ انتخابات میں جموں کے عوام بی جے پی کوسبق سکھائیں گے ۔انہوں نے کانگریس ورکروں سے کہاکہ وہ بی جے پی۔پی ڈی پی مخلوط سرکار کی ناکامی کے بارے میں عام لوگوں کوجانکاری فراہم کرنے کے لئے گھرگھرجائیں تاکہ عوام آئندہ ان کے دھوکے میں نہ آسکیں۔پی سی سی لیڈروں نے کانگریس جماعت کو بنیادی سطح پر مضبوط بنانے کیلئے سخت محنت اورلگن وتندہی سے کام کرنے کی تلقین کی ۔