بھارت اُن وجوہات کو دور کرے جو پاکستان میں ناپائیدار عناصر کو فروغ دیتے ہیں:امریکہ

Kashmir Uzma News Desk
4 Min Read
 واشنگٹن// امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے بھارت کو پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کیلئے ’مفاہمتی اقدامات‘ اٹھانے کی یاددہانی کرادی ہے۔ ایک نیوز بریفنگ میں ریکس ٹلرسن نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ اْن وجوہات کو دور کرنے کی کوشش کرے جو پاکستان میں ناپائیدار عناصر کو فروغ دیتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 'ایسے کئی مقامات ہیں جہاں بھارت کو پاکستان کے ساتھ معاملات میں مفاہمتی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان میں استحکام کو فروغ دیا جاسکے جبکہ بھارت ان وجوہات کو دور کرنے کی کوشش کرے جو پاکستان میں ناپائیدار عناصر کی موجودگی کی وجہ ہیں'۔ریکس ٹلرسن اپنی بریفنگ کے دوران بھی اس پوزیشن پر برقرار رہے اور کہا کہ 'بھارت اور پاکستان کے اپنے مسائل ہیں جس کے حل کے لیے انہیں کوششیں جاری رکھنا ہوں گی' اس کے ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کو مستحکم بنانے میں بھارت کو مدد فراہم کرنے کی تجویز دی۔سیکریٹری آف اسٹیٹ کا کہنا تھا کہ نئی جنوبی ایشیائی پالیسی پر مہینوں تک غور کے دوران امریکی پالیسی سازوں نے ان اقدامات کا بھی جائزہ لیا جن کے ذریعے پاکستان کو افغان طالبان کی مبینہ مدد سے روکنے پر راضی کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ صرف امریکا ہی نہیں بلکہ چین سمیت خطے کے دیگر اہم ممالک کو پاکستان میں اس حوالے سے تبدیلی کے لیے کوشش کرنی ہوگی۔
 
 

کشمیر سے متعلق پالیسی تبدیل نہیں ہوئی

مانیٹرنگ ڈیسک
 
 واشنگٹن// امریکا نے پاکستان اور بھارت پر مسئلہ کشمیر کو مذاکرات سے حل کرنے کے لئے زور دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان ہیتھر نورٹ نے  پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت کی مسئلہ کشمیر سے متعلق پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ ہم دونوں فریقوں سے یہی کہتے ہیں کہ مل جل کر بیٹھیں اور بات چیت سے مسئلے کو حل کریں۔ ہیتھر نورٹ نے کہا کہ ہم پاکستان اور بھارت کی حوصلہ افزائی کریں گے کہ مذاکرات کی میز پر آئیں اور باہمی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے براہ راست ایک دوسرے سے بات چیت کریں۔ترجمان نے مزید کہا کہ امریکا افغانستان سے متعلق حکمت عملی کو پورے خطے کی پالیسی سمجھتا ہے جس میں یقینا پاکستان اور بھارت دونوں شامل ہیں۔ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹرمپ حکومت کی اس بارے میں پاکستانی حکومت سے کوئی بات نہیں ہوئی اور امریکا دونوں ممالک کے درمیان عملی تعاون کی حمایت کرتا ہے۔ہیتھر نورٹ نے بتایا کہ پیر کو امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے بھارتی ہم منصب سشما سوراج کو فون کرکے نئی امریکی پالیسی سے متعلق آگاہ کیا تھا اور بھارت بہت اہم علاقائی ساتھی کے طور پر سامنے آرہا ہے ۔
 

 

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *