امریکا پاکستان کی سالمیت کا احترام کرے :چین

Kashmir Uzma News Desk
2 Min Read
 بیجنگ// چین نے ایک بار پھر واضح الفاظ میں امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے پاکستان کے سیکورٹی خدشات اور سالمیت کا احترام کرنا چاہیے۔چینی حکومت میں امورِ خارجہ سے متعلق اعلیٰ ترین عہدیدار یانگ جی چی نے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کو ٹیلی فون کرکے واضح کیا کہ امریکا کو نہ صرف پاکستان کے سیکورٹی خدشات اور سالمیت کا احترام کرنا چاہیے بلکہ افغانستان میں پاکستان کے اہم کردار کو بھی سراہنا چاہیے جب کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔چینی عہدیدار کا کہنا تھا کہ چین افغانستان میں امن کے قیام کے لیے امریکا کے ساتھ مل کر کام کرنے کوتیار ہے، خطے میں بدلتی ہوئی علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال میں پاک چین اسٹریٹجک تعلقات انتہائی اہم ہیں۔ ادھرروسی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان کا کہنا ہے کہ پاکستان پر ضرورت سے زیادہ دباؤ ڈالنے سے خطے کی مجموعی سیکورٹی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔چین کے بعد روس بھی امریکی صدر کی الزام تراشیوں کے خلاف پاکستان کی حمایت میں بول اٹھا۔ روسی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ضمیر کابلوف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کے حل کے لئے پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے، پاکستان پر ضرورت سے زیادہ دباؤ ڈالنے سے خطے کی مجموعی سیکورٹی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے جب کہ خطے میں کسی بھی قسم کا عدم استحکام افغانستان کے لئے نقصان دہ ثابت ہوگا۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *