سرینگر سے دن رات اڑانیں عنقریب

Kashmir Uzma News Desk
2 Min Read
سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ کے دوران سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے سے دن رات ہوائی اڑانیں شروع کرنے کیلئے لوازمات کا جائزہ لیا گیا ۔ایڈیشنل کمشنرکشمیر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بڈگام، ڈائریکٹر ائر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا، چیف ایڈمنسٹریٹو آفیسر ائر فورس سٹیشن، اے ڈی جی ہیڈ کوارٹرس کے نمائندے، اے ایس پی انٹی ہائی جیک سرینگر ائر پورٹ ،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اور ائر لائین اوپریٹرس کے اسٹیشن منیجروں کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی میٹنگ میںموجود تھے۔میٹنگ کے دوران دن رات ہوئی اڑانوں کی شروعات کے لئے فنل ائریا کی خاطر مست لائٹس،اپروچ لائٹس، سرویلنس، واچ ٹاورس،مناسب سیکورٹی انتظامات ،حصول اراضی اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔میٹنگ  میںبتایا گیا کہ ائرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا اورائر فورس نے اس تجویز پر پہلے ہی رضامندی ظاہر کی ہے۔البتہ دن رات اڑانیں شروع کرنے کے لئے شہری ہوابازی محکمہ کی منظوری لازمی ہے ۔میٹنگ میں یہ جانکاری بھی دی گئی کہ تمام پرائیوٹ ائر لائینز نے سرینگر سے دن رات اڑانیں شروع کرنے پر اتفاق ظاہر کیا ہے۔صوبائی کمشنر نے ائر فورس آفیسران کو بچھرو گائوں میں اضافی اراضی دستیاب کرنے کی ہدایت دی تاکہ یہاں فنل ائریا کی مزید سیکورٹی کے لئے ہٹس تعمیر کی جاسکیں۔صوبائی کمشنر نے ضلع انتظامیہ بڈگام کو سرینگر ائر پورٹ کے نزدیک قائم اینٹ بھٹوں کو 15اکتوبر 2017ء سے 31مارچ2018ء تک بند کرنے کی ہدایت دی تاکہ اُس دھوئیں کو کم کیاجاسکے جس سے ہوائی جہازوں کے لئے روشنی کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے۔صوبائی کمشنر نے سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے سے دن رات ہوائی اڑانون کی شروعات کے لئے آفیسران پر باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے پر زوردیا۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *