سرینگر//وزیر برائے زراعت غلام نبی لون ہانجورہ نے کل کہا کہ ریاستی حکومت ریاست میں زرعی پیداوار کو فروغ دینے کیلئے زرعی تجارت کو ترقی دے رہی ہے ۔ وزیر محکمہ زراعت کے اعلیٰ افسران کے ساتھ لال منڈی میں قایم کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ پروگرام کی تجدید شدہ دفتری عمارت اور میٹنگ ہال کا افتتاح کرنے کے بعد تبادلہ خیال کر رہے تھے ۔ وزیر نے کہا کہ کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ پروگرام کو زرعی پیداوار کو فروغ دینے اور زرعی سرگرمیوں کے معیار میں بہتری لانے کے مقصد سے کسانوں کو اعلیٰ تکنیکی زرعی مشینری دستیاب رکھنے میں اہم رول ادا کرنا ہو گا ۔ وزیر نے مزید کہا کہ کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ پروگرام کسانوں کو بہتر آبپاشی سہولیات بہم رکھنے میں بھی معاون ثابت ہو سکتا ہے ۔ وزیر زراعت نے کہا کہ 2014 کے سیلاب سے زرعی شعبے کو کافی نقصان پہنچا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ پروگرام کا بنیادی ڈھانچہ بھی سیلاب کی نظر ہو گیا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کی تلف شدہ املاک کی تعمیر نو حکومت کی ترجیح تھی ۔ وزیر اعظم ترقیاتی پیکج کے تحت کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ پروگرام کی دفتری عمارت اور لال منڈی میں کانفرنس ہال کی تعمیر نو پر 28.48 لاکھ روپے صرف کئے گئے اس کے علاوہ میٹنگ ہال میں آڈیو ویڈیو سسٹم کی تنصیب پر 2.46 لاکھ روپے صرف کئے گئے ۔ اس موقعہ پر وزیر نے متعلقہ فیلڈ عملے کو کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے متعارف کی گئی مختلف سکیموں کے بارے میں جانکاری عام کرنے کی ہدایت دی ۔ وزیر زراعت نے کہا کہ محکمہ زراعت کا مشن زرعی شعبے کو فروغ دینا ہے ۔ اس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری زرعی پیداوار ، سیکرٹری محکمہ زراعت ، ڈائریکٹر کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ کشمیر ، ڈائریکٹر ایگریکلچر کشمیر اور محکمہ زراعت کے دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے ۔