رام بن//رام بن کے مکینو ں نے بلا لحاظ سیاست رام بن تحصیل سے گُذر رہی قومی شاہراہ کی خستہ حالی کے خلاف کنٹریکٹر کمپنی، ضلع انتظامیہ اور میونسپل حُکام کے خلاف زور دار احتجاجی مظاہرہ کیا ،جس کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک مسدود ہو گئی۔مظاہرین نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور ضلع انتظامیہ رام بن کی جانب سے ر ام بن میں قومی شاہراہ کی مرمت کرنے کے لئے کنٹریکٹر کمپنی گیمن انڈیا کو معمور کیا تھا ،جو اس سڑک کو قابل آمد و رفت بنانے میں ناکام رہنے پر انتظامیہ اور کنٹریکٹر کمپنی کے خلاف مظاہرہ کیا جسکی وجہ سے سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی نقل و حرکت میں خلل پڑا۔ مظاہرین کنٹریکٹر کمپنی،ضلع انتظامیہ اور میونسپل حُکام کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔مظاہرین نے ضلع انتظامیہ کو مسئلہ کی جانب سنجیدہ توجہ نہ دینے کا الزام لگایا ۔ چنانچہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا نے قومی شاہراہ کو چار لین بنانے کا کام کنٹریکٹر کمپنی کو سونپا ہے۔مظاہرین نے الزام لگایا کہ نہ صرف شاہراہ کی دیکھ ریکھ میں کمی ہے بلکہ اسکی جانب کبھی توجہ نہیں دی گئی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ اس شاہراہ پر ناشری اور سیری کے درمیان جگہ جگہ گڑھے بنے ہوئے ہیں،جسکی وجہ سے مکینوں کو کافی پریشانیاں ہوتی ہیں۔مظاہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اقرار نامہ میں کنٹریکٹر کمپنیوں کو قومی شاہراہ کی دیکھ ریکھ کا ذمہ وار قرار دیا گیا تھا ۔لیکن بد قسمتی سے کنٹریکٹ کمپنیاں اس اقرار نامہ کو لاگو کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہے ہیںکیونکہ انکو ضلع انتظامیہ کی سرپرستی حاصل ہے۔مظاہرین نے ضلع انتظامیہ کو سڑک کی خستہ حالی پر فوری طور توجہ دینے کا مطالبہ کیا ۔بعد ازاں پولیس نے مظاہرین کو سمجھا بجھایا ۔