سرینگر//مختلف اداروں اور انجمنوں کے ساتھ اپنے رشتے مزید مضبوط کرتے ہوئے جے کے بنک کئی سرکاری محکمہ جات ،سیمی گورنمنٹ اور ریاست کے دیگر اداروں کے ساتھ یاداشت مفاہمت کے ذریعے بزنس تائی اپ کرنے کے عمل میں مصروف ہے ۔جے کے بنک چیئرمین و سی ای او پرویز احمد نے کہاکہ ’’ہم ایک تجارتی ادارہ ہیں ساتھ ہی ذمہ دار سماجی سٹیزن بھی ہیں ۔اس لئے ہم اپنے اوپر یہ واجب سمجھتے ہیں کہ ہم ریاست کے اندر اپنی منفرد اور بہتر خدمات و سہولیات کے ساتھ زیادہ سے زیادہ صارفین تک پہنچ سکیں ۔یقینا یہ ہمارے منافع کو بڑھائے گا اور ہماری بزنس کی بنیاد کو وسیع کرے گا ۔اس حوالے سے بنک نے صارفین کے ساتھ ذاتی رشتوں سے آگے بڑھ کر ا ب ان رشتوں کو ادارہ جاتی سطح پر اشتراک کے ذریعے کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے اس کیلئے اداروں کے درمیان ڈیٹا کی تقسیم و ترسیل ضروری ہے جو کہ بہتر و موثر صارف خدمات کیلئے بنیاد ہے ۔ا نہوں نے کہاکہ بنیادی بینکنگ خدمات و مصنوعات سے گھر گھر مالیاتی سہولیات اور ڈیجیٹل بینکنگ تمام مصنوعات کو صارفین کی موجودہ ضروریات کے مطابق تیار کیا جائے گا ۔اس سلسلے میں اس طرح کا سب سے پہلا ٹائی اپ پولیس محکمہ کے ساتھ طے پایا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ گذشتہ روز پولیس محکمہ کے ساتھ یاداشت مفاہمت پر دستخط اس ترقیاتی سفر میں پہلا قدم تھا جو کہ طویل مدتی تجارتی اشتراک کا پہلا مرحلہ ہوگا۔