پلوامہ // پولیس لائنز پلوامہ پر فدائین حملے کے بعدقصبہ میں مکمل ہڑتال رہی، جس کے دوران مظاہرین اور فورسز کے مابین پر تشدد جھڑپیں ہوئیں۔حملہ شروع ہوتے ہی پورے پلوامہ ضلع میں موبائیل انٹر نیٹ سہولیات منقطع کردی گئیں۔سنیچر علی الصبح ڈسٹرکٹ پولیس لائنز پر فدائین جنگجوئوں کی یلغار کے کچھ گھنٹے بعد ہی پلوامہ قصبے میں پر تشدد احتجاجی مظاہروں کا آغاز ہوا۔قصبہ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں ہر طرح کی کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں جبکہ گاڑیوں کی نقل و حرکت بھی ٹھپ ہوکر رہ گئیں۔قصبہ میں تمام دفاتر، تعلمی ادارے ، بنک اور ددیگر سرگرمیاں معطل رہیں۔کشیدہ صورتحال کے پیش نظرپلوامہ ، کاکہ پورہ اوردیگرحساس علاقوں میں امن و قانون کو برقرار رکھنے کیلئے امتناعی احکامات کا نفاذ عمل میں لاکر بھاری تعداد میں فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی۔ پلوامہ شوپیان شاہراہ پر بھی فورسز کی بھاری تعداد تعینات رہی۔تاہم صبح8بجے نوجوانوں کی چھوٹی چھوٹی ٹولیاں گلی کوچوں سے نمودار ہوکر سڑکوں پر آئیں اور انہوں نے اسلام ، آزادی اور جنگجوئوں کے حق میں نعرے بازی شروع کی۔ انہوں نے مشتعل ہوکر فورسز پر پتھرائو کیا۔نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے پولیس اسٹیشن پر بھی پتھرائو کیا۔ جواب میں ان پر ٹیر گیس اور پاوا شیل برسائے گئے۔ مظاہرین کو تتر بتر کرنے کیلئے ہوا میں گولیوں کے درجنوں رائونڈ فائر کئے گئے۔ضلع اسپتال کے نزدیک بھی پتھرائو ہوا۔