بھدرواہ//متبرک چھڑی مبارک بھدرواہ واپس پہنچنے کے ساتھ ہی 8 روزہ سالانہ مچیل یاترا اختتام پذیر ہوئی۔مشکل ترین یاترا اور سطح سمندر سے تقریباً13500 فٹ بلندی پر واقع ہونے کے باوجود 134000 یاتریوں نے ضلع کشتواڑ کے تحصیل پاڈرکے مچیل میں واقع چنڈی ماتا کے درشن کئے اور توقع ہے کہ رواں ماہ کے آخر تک یاترا میں تقریباً دو لاکھ یاتری اس یاترا میں شرکت کریں گے۔متبرک چھڑی مبارک روایتی چنڈی ماتا کے ترشول کے ساتھ ،راستے میں تقریباً دو درجن چھڑی مبارک نے اس یاترا میں شمولیت کی۔یاتریوں میں ریاست کے مختلف حصوں سے بشمول کٹھوعہ،جموں ،اودھمپور، ریاسی، سانبہ، رام بن ، ڈوڈہ اور کشتواڑ کے یاتری شامل تھے۔کشتواڑ، اتھول، ماسو اور چسوٹ میں رات کو ٹھہرنے کے بعد 168کلو میٹر لمبی مسافت طے کرنے کے بعد چھڑی مبارک روایتی ترشول کے ساتھ چنڈی ماتا مندر 22۔اگست کو پہنچی ،جہاں پر یاتریوں نے چنڈی ماتا کے آشیرواد حاصل کئے۔بھدرواہ سے 18۔اگست کو یاتراشروع ہوئی ،جو سینچر کے روز چنڈی ماتا مندر چینوٹ بھدرواہ واپس پہنچ گئی۔یاس یاس پی کشتواڑ سندیپ وزیرنے یاترا خوش اسلوبی سے منعقد ہونے پر بھگوان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بے مثال رش کے باوجود یاترا پُر امن طور سے اختتام پذیر ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ضلع پولیس نے یاترا کے لئے معقول سیکورٹی کے انتظامات کئے تھے۔مچیل یاترا کے ہیڈ آرگنائزر ٹھاکور کلبیر سنگھ نے کہا کہ کمیٹی نے بہتر انتظامات کئے تھے اور شکایت کا کوئی موقعہ نہیں دیا اور اس اُمید کا اظہار کیا کہ آئیندہ سال ریکارڈ یاتریوں کی تعداد مچیل ماتا کے درشن کریں گے۔