سرینگر//ڈپٹی کمشنر سرینگر ڈاکٹر سید عابد رشید نے افسروں کی ایک میٹنگ میں عید الاضحی کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا جائیزہ لیا۔میٹنگ میں مختلف محکموں کے سنیئر افسران بھی موجود تھے۔انہوں نے میٹنگ میں موجود افسروں کو ہدایت دی کہ وہ بجلی، پینے کا پانی،اشیاء ضروریہ کی دستیابی، صحت و صفائی، طبی سہولیات، مارکیٹ چیکنگ، قربانی کے جانوروں کی دستیابی اور پولٹری جیسی بنیادی ضرورت کی چیزوں کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے محکمہ بجلی کو ہدایت دی کہ وہ زیارت گاہوں، خانقاہوں اور عید گاہوں میں روشنی کا خا طرخواہ انتظام کریں جہاں ان مقدس ایام کے دوران لوگ عبادت کرنے کے لئے جائیں گے۔ ان میں حضرتبل، جناب صاحب صورہ، جناب صاحب کیلاش پورہ، سید صاحب سونہ وار وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے محکمہ ٹریفک کو ہدایت دی کہ وہ ٹریفک کی بہتر نقل و حمل کے لئے انتظامات کریں۔ڈپٹی کمشنر نے چیکنگ سکارڈ کو ہدایت دی کہ وہ پہلے سے تشکیل شدہ پروگرام کے تحت اپنے اپنے علاقوں کے بازاروں میں چیکنگ عمل کو یقینی بنائیں۔انہوں نے لوگوں کی شکایات درج کرنے اور ان پر سختی سے عمل کرنے کے سلسلے میں ہیلپ لائین نمبر کو اخبارات اور دیگر ذرائع سے تشہیر کرنے کی بھی ہدایت دی تا کہ لوگ اپنے علاقوں سے حکومت کو کسی بھی مشکل سے بارے میں مطلع کرسکیں۔