سرینگر//تحریک حریت ضلع سرینگر کا تحصیل اجتماع خانیار جامع مسجد میں منعقد ہوا جس میں صدرِ ضلع کے علاوہ تحصیل سرینگر سے وابستہ تمام ذمہ داروں اور ارکان نے شرکت کی۔تحریک حریت سے وابستہ رفیق اویسی نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک حریت کے مقدس اہداف کی آبیاری کرنے کے لیے وابستگان کو چاہیے کہ وہ تنظیم کے مقصد کو گھر گھر پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کریں۔مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی صورتحال مزید خراب ہورہی ہے، بھارتی حکومت نہتے کشمیریوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کررہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ کشمیر کے حل کی راہ میں درپیش رُکاوٹیں یہاں کی ہندنواز سیاسی جماعتیں ہیں جنہوں نے اپنا ضمیر دہلی کے پاس گروی رکھا ہوا ہے۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہے ہیں اور یہاں کے عوام نے آزادی کے لیے اب تک لاکھوںقربانیاںپیش کی ہیں۔ شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ان کے مشن کو ہر صورت میں جاری وساری رکھا جائے گا۔ مقررین نے کہا ہے کہ کشمیری عوام بھارت کے ظلم وجبر سے آزادی کے لیے عالمی برادری کی طرف دیکھ رہے ہیں اور ان سے کئے گئے وعدوں کو عملانے کے لیے اقوامِ عالم کی مداخلت چاہتے ہیں، کیونکہ مسئلہ کشمیرآج بھی اقوامِ متحدہ کا نامکمل ایجنڈا ہے اور اقوامِ متحدہ کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ اجتماع میں تحریک حریت چیئرمین سید علی گیلانی اور جنرل سیکریٹری محمد اشرف صحرائی، صدرِ ضلع سرینگر راجہ معراج الدین کلوال، پیر سیف اللہ، الطاف احمد شاہ، ایاز اکبر اور دیگر تحریک حریت کے ضلعی صدور کے علاوہ تمام سیاسی قیدیوں کی خانہ و تھانہ اورجیل سے رہائی کی مانگ کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے پشت پر کھڑے ہیں اور ان کی فوراً سے پیش تر ان کی رہائی پر زور دیتے ہیں۔