حاجن میں نوجوان کی سرکٹی لاش بر آمد

Kashmir Uzma News Desk
2 Min Read
بانڈی پورہ //شمالی کشمیر حاجن میں دریائے جہلم سے ایک نوجوان کی سر کٹی لاش برآمد ہوئی ہے جس کو پولیس نے تحویل میں لیکر تحقیقات شروع کردی ہے۔ ایس ایس پی بانڈی پورہ شیخ ذوالفقار آزاد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ معاملے کی تحقیقات ہورہی ہے ابھی معلوم نہ ہوسکا ہے کہ یہ واقعہ قتل کا ہے یا نہیں۔ حاجن بانڈی پورہ میں پہر بل کے مقام پر دریائے جہلم میں ایک لاش پانی پر تیرتی ہوئی کچھ لوگوں نے دیکھی اور فوری طور پر حاجن پولیس کو اطلاع دی گئی۔پولیس نے کچھ مقامی لوگوں کی مددسے نعش برآمدکی اوراسکی شناخت اسکے کپڑوں سے مظفر احمد پرے عرف ناٹہ ولد فاروق احمد پرے ساکن پرے محلہ حاجن نامی18سالہ نوجوان کے بطور کی گئی۔قتل کئے جانے سے پہلے اسکے ہاتھ پیچھے کی جانب باندھے گئے تھے ۔پولیس نے نعش کوبغرض پوسٹ مارٹم مقامی سرکاری اسپتال منتقل کیاجسکے بعدضروری لوازمات مکمل کئے گئے ،اورنعش لواحقین کے حوالے کی گئی جبکہ حاجن پولیس نے اس المناک واقعے سے متعلق کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی،اورایس ڈی پی ائو سمبل نے بغرض تحقیقات ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ۔مظفر احمد کے قتل ہونے کی خبر جونہی حاجن میں پھیل گئی تو علاقے میں کہرام مچ گیا اور لوگوں میں خوف و دہشت بھی پھیل گئی۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مظفر احمد جمعہ شام کو گھر سے نکلا تھا اور لاپتہ ہوگیا ۔اس دورا ن جواں سال مظفرپرے کی بغیرسرنعش جب آبائی گھر پہنچائی گئی تویہاں کہرام مچ گیا،اورروتے بلکتے کئی خواتین بے ہوش ہوکرگرپڑیں ۔اس دوران پورے حاجن قصبہ کی مختلف بستیوں سے بڑی تعدادمیںلوگ یہاں جمع ہوئے اورانہوں نے جواں سال قصاب کی المناک موت کوسفاکانہ قتل قراردیتے ہوئے اسکی ہلاکت میں ملوث افرادکوبے نقاب کرنے کی مانگ کے حق میں نعرے بھی بلندکئے ۔جواں سال مظفر کی نمازجنازہ میں کثیر تعداد میںلوگوں نے شرکت کی جسکے بعداسکی میت آبائی مقبرہ میں سُپردلحدکی گئی ۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *