جموں//مسلسل دو دن تک معطل رہنے کے بعد جموں سے بیرون ریاست جانے والی ریل اوربس سروس بحال ہو گئی۔ ڈیرہ سچا سودا کے رام رحیم کو عدالت کی طرف سے مجرم قرار دئیے جانے کے بعد ہریانہ ، پنجاب اور دہلی وغیر ہ میں ہوئے تشدد کے پیش نظر جموں ، کٹرہ اور ادہم پور سے جانے والی تمام ٹرینیں رد کر دی گئی تھیں جب کہ بین الریاستی بس سروس بھی ٹھپ رہی۔ تاہم درماندہ مسافروں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے گزشتہ شب آدھی رات کے بعد جموں سے 6جب کہ کٹرہ سے 4ٹرینیں اپنی اپنی منزل کی طرف روانہ کی گئیں۔ جموں کے ڈویژنل ٹریفک منیجر نوین کمار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دہلی میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد گرین سگنل دیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بعد دوپہر کچھ ریلیں جموں وارد ہوئی ہیں جب کہ بیشتر کے دیر رات گئے جموں پہنچنے کی توقع ہے ۔