سرینگر//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی ماحولیاتی کمیٹی کی میٹنگ ایم ایل اے محمد یوسف تاریگامی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے تاریگامی نے کہا کہ ریاست میں پاور پروجیکٹوں کی تعمیر جموں وکشمیر کی کلہم ترقی کے لئے لازمی ہے لیکن ان پروجیکٹوں سے ماحولیات پر پڑنے والے منفی اثرات کا بھی خیال رکھنا ہوگا۔ممبران قانون سازیہ شمیم فردوس، پون کمار گپتا، محمد یوسف بٹ، چوہدری محمد اکرم، بشیر احمد ڈار، محمد عباس وانی، ممتاز احمد خان اور انجم فاضلی نے میٹنگ میں موجود تھے۔ممبران نے ریاست میں ماحولیاتی تحفظ کے لئے اپنی آراءپیش کیں۔کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ وہ حکومت کو کیجول لیبررز کے التواءمیں پڑے مشاہرے کو واگذار کرنے کےلئے متعلقہ محکموں کو رقومات فراہم کرنے کی سفارش کرے گی۔کمیٹی نے جنگلات ودیگر محکموں کو ہدایت دی کہ وہ ماحول کی حفاظت کے سلسلے میں کئے گئے اقدامات کی تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔ ایم ڈی، جے کے پی ڈی سی شاہ فیصل نے کمیٹی کو کارپوریشن کی جانب سے ماحولیات کے تحفظ کے سلسلے میں اُٹھائے گئے اقدامات کی تفصیل پیش کی۔ڈیولپمنٹ کمشنر پاور اصغر علی مجاز،سیکرٹری قانون سازاسمبلی ایم آر سنگھ اور دیگر متعلقہ افسران میٹنگ میں موجود تھے۔