بانہال// کانگریس پارٹی کی طرف سے پیر کو بانہال میں بلاک کانگریس کمیٹی کے انتخابات عمل میں لائے گئے جس میں محمد شریف گنائی کو بلا مقابلہ بانہال کا بلاک صدر منتخب کیا گیا۔پریس کے لئے جاری ایک ریلیز کے مطابق کانگریس بلاک ہیڈ کوارٹر بانہال میں منعقد ہ الیکشن پارٹی کے بلاک ریٹرننگ افسر شاہ رخ بھٹی کی نگرانی میں پارٹی اعلیٰ کمان کے حکم کے تحت کرایا گیا۔ منیر احمد ولڈوہل نے پارٹی ڈیلی گیٹ سیشن کے دوران بلاک صدر کا نام تجویز کیا جس پر وہاں موجود تمام کارکنان نے تائید کی ۔اس موقع پر وہاں موجود کا نگریس کارکنان اور
لیڈران نے محمد شریف گنائی کو پارٹی کی طرف سے نئی ذمہ داری سونپنے پر انہیں مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں بانہال بلاک میں کانگریس پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔سینئر کانگریس لیڈر وممبر اسمبلی بانہال وقار رسول، پردیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی سیکریٹری امتیاز احمد کھانڈے و دیگر مقامی کانگریس لیڈران و کارکنان نے نئے بلاک صدر کو مبارک باد پیش کی۔ پریس بیان کے مطابق بلاک کمیٹی کے الیکشن کے بعد بانہال میں پارٹی ہیڈ کواٹر پر منعقدہ ایک تقریب کے دوران بانہال چکناڑواہ سے تعلق رکھنے والے پی ڈی پی کے ایک یوتھ لیڈر مشتاق احمد نے پی ڈی پی کو چھوڑ کر اپنے درجنوں ساتھیوں کے ساتھ کانگریس میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ ممبر اسمبلی بانہال وقار رسول نے مشتاق احمد کو پارٹی میں شامل ہونے پر ان کا استقبال کیااور کہا ہے کہ ان کے پارٹی میں شامل ہونے سے علاقے میں کانگریس پارٹی مزید مضبوط ہو گی۔