دفعہ 35اےکے دفاع کیلئے مہم ملک دشمنی نہیں

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
درہال //دفعہ 35اے  پر بھاجپا کے موقف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نیشنل کانفرنس کارگزار صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہاکہ اس دفعہ کا دفاع کرنا ’ملک دشمنی ‘نہیں ۔ درہال میں پارٹی کارکنان کے ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہاکہ نیشنل کانفرنس پر اس بات پر کس طرح سے انگلی اٹھائی جاسکتی ہے کہ وہ دفعہ 35اے کا دفاع کررہی ہے جبکہ یہ دفعہ جموں وکشمیر کے لوگوں کیلئے آئینی ضمانت ہے ۔انہوںنے بھاجپا پر لوگوں کو خطوں اور ذیلی خطوں میں تقسیم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ جب تک ریاست میں نیشنل کانفرنس کا جھنڈا لہرارہاہے تب تک دفعہ 35اے آئین ہند کا ناقابل تنسیخ حصہ رہے گا۔ان کاکہناتھاکہ یہ دفعہ ہماری شناخت ہے اور اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔عمر عبداللہ نے لوگوں کو بھاجپا سے خبر دار کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس معاملے پر ہوشیار رہیں کیونکہ بی جے پی ایک منصوبہ بند طریقہ سے ریاست کے خصوصی تشخص کو نقصان پہنچانے کے درپہ ہے اوراسی مقصد سے 2000میں پی ڈی پی کا وجود عمل میں لایاگیا ۔انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی نے عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی اور اگر پی ڈی پی نے ہرمعاملے پر اسی طرح سے سمجھوتے کرنا جاری رکھے تو وہ دن دور نہیں ہوگاجب بھاجپا اس کی حمایت کے بغیر ہی ریاست پر راج کرے گی ۔انہوںنے کہاکہ دفعہ 35اے کا تحفظ ہر ایک کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔عمر نے کہاکہ پی ڈی پی نے بھاجپا کی ہر ہاں میں ہاں ملائی اور چاہے جی ایس ٹی ہو یا پھر نیشنل فوڈ سیفٹی ایکٹ، ہر ایک قانون کو نافذ کرانے میں اہم رول ادا کیا ۔ انہوںنے کہاکہ جی ایس ٹی نے ریاست کی خود مختاری کو دھچکا پہنچایا جبکہ نفسا نے غریب کی کمر توڑ دی ۔سابق وزیر اعلیٰ نے کہاکہ موجودہ حکومت نہ ہی انتظامی یونٹوں کو کارگر بناپائی اور نہ ہی پہاڑی زبان بولنے والوں کو دی گئی پانچ فیصد ریزرویشن کا معاملہ حل کرپائی ہے ،اسی طرح سے اس نے گوجر وں کے مفاد کے خلاف بھی خلاف کام کیا۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *