سرینگر//تحریک حریت نے شوپیان میں فورسز کی جانب سے نصف درجن دیہات کا بیک وقت محاصرہ کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ریاست کوبالعموم اور جنوبی کشمیر کو بالخصوص فوج کے سپرد کیا ہوا ہے۔موصولہ بیان میں تحریک حریت نے کہا کہ ریاست میں خوف ودہشت کا ماحول پیدا کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ CASOاور” آپریشن آل اوٹ“ کی آڑ میں فوج نہتے کشمیریوں کو نشانہ بناتی ہے۔ بیان کے مطابق فورسز کی جانب سے علی الصبح شوپیان میںنصف درجن دیہات کا بیک وقت محاصرہ اور گھر گھر تلاشی کرنا انسانی حقوق کے خلاف ہے۔ تحریک حریت نے کہا کہ بھارتی افواج جموں کشمیر میں جنگی جرائم کا ارتکاب کررہی ہیں اور اس کا کوئی پُرسان حال نہیں ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ریاست میں حالات ابتر بنانے کیلئے یہاں کی حکومت اور فوج ذمہ دارہے۔تحریک حریت نے کہا کہ حکومت نہتے کشمیریوں کے خلاف برسرِ جنگ ہے اور وہ آزادی پسند لوگوں کو انتقام گیری کا نشانہ بنادیتی ہے۔ تحریک حریت نے کہا کہ بھارت پُرامن سیاسی تحریک کی طرف کان نہیں دھرتا جس کے نتیجے میں یہاں کی صورتحال دن بہ دن سنگین ہوتی جارہی ہے۔