سرینگر //حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے گزشتہ تین دہائیوں کے دوران کشمیر میں ہزاروں لاپتہ افراد کی بازیابی کے سلسلے میں حقوق بشر کے عالمی اداروں کی غفلت شعاری کو حد درجہ افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان گمشدہ افراد کے لواحقین آج بھی اپنے عزیزوں کی راہ تک رہے ہیں اور اپنے بچھڑے ہوئے لوگوں کا درد سہہ رہے ہیں ۔ میرواعظ نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران کشمیر میں مبنی برحق جدوجہد کے دوران فورسز کے ہاتھوں 9500 کے قریب افراد کو لاپتہ کیا گیا جبکہ اس دوران 8000 کے قریب کئی گمنام قبریں بھی دریافت کی گئیں جو کشمیر میں بھارتی مظالم کی منہ بولتی تصویریں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دنیا کا سب سے زیادہ فوجی جمائو والا خطہ ہونے کے بنا پرجموںوکشمیر میں حقوق انسانی کی پامالیاں معمول بنتی جارہی ہے اور یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ حقوق بشر کے عالمی ادارے اس ضمن میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے سے قاصر نظر آرہے ہیں ۔