گریز//وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات ، امور صارفین ، اطلاعات و رابطہ عامہ چودھری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ حکومت دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو تمام بنیادی سہولیات دستیاب رکھنے کیلئے پُر عزم ہے ۔ دورئہ گریز کے دوران وزیر نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی فلاح و بہبود موجودہ حکومت کی اوّلین ترجیح ہے اور وزیر اعلیٰ نے دُور دراز اور دشوار گذار علاقوں میں رہنے والوں کیلئے تمام بنیادی سہولیات بہم رکھنے کیلئے سخت ہدایات جاری کی ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ان علاقوں میں رہنے والوں کی حالتِ زندگی بہتر بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں اور ان علاقوں میں جاری ترقیاتی اور عوام کی فلاح و بہبود کے کاموں سے متعلق وزیر اعلیٰ باقاعدہ تفاصیل طلب کرتی ہیں ۔ انہوں نے علاقے کی 5 ہزار نفوس کو بی پی ایل زمرے کے دائرے میں لانے کا بھی اعلان کیا ۔ واضح رہے کہ اب تک علاقے کے 19000 آبادی ہی اس زمرے کے تحت لائی گئی تھی اور وزیر کے اس اعلان کے بعد بی پی ایل دائرے میں اب علاقے کے 24 ہزار نفوس لائے گئے ہیں ۔ انہوں نے علاقے میں 30 نئی فئیر پرائس دکانیں کھولنے کا اعلان کیا ہے ۔