ڈوڈہ// مختلف محکموں میں کام کرنے والے سینکڑوں عارضی اور مستقل بنیادوں پر کام کرنے والے ملازمین اور ورکرس نے گذشتہ کئی ماہ سے بقایا تنخواہوں کی واگذاری اور اپنے دیگر مطالبات کو منوانے کے لئے بدھ کے روزجموں کشمیر ٹریڈ یونین فرنٹ ضلعی یونٹ ڈوڈہ کے صدر برکت علی کی قیادت میں ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین صبح ایکس این پی ایچ ای کے دفتر کے سامنے جمع ہوئے اور وہاں زور دار نعرہ بازی کی اور دھرنا دیا۔اس موقع پر برکت علی سمیت متعدد مقررین نے گذشتہ کئی ماہ سے بقایا تنخواہوں کی عید سے قبل واگذاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہوں کی عدمِ ادائیگی سے انہیں سخت مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور وہ قرضوں کے بوجھ تلے دب چکے ہیں۔وہ قرضہ حاصل کر کے گھر کا نظام چلا رہے تھے مگر اب اْنہیں کوئی قرض دینے کے لئے بھی تیار نہیں ہیاور اْن کے لئے گھریلو ضروریات کا پورا کرنا مشکل ہو گیا ہے مگر حکومت اور متعلقہ حکام کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے کیوں کہ اْنہیں اْن کی مشکلات کا کوئی ادراک ہی نہیں ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ ہم کو احتجاج کرنے کا شوق نہیں ہے مگر ہمیں احتجاج کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ہر بار ہماری تنخواہیں کئی کئی ماہ تک بند رکھی جاتی ہیں اور اب حال یہ ہے کہ جب تک وہ سڑکوں پر اتر نہ آئیں حکومت اور متعلقہ حکام کو تنخواہوں کی ادائیگی کا خیال بھی نہیں آتا۔کئی کئی ماہ تک عارضی ملازمین ،نیڈ بیس اور آنگن واڑی ورکر اور ہلپرس کے گھروں میں بعض اوقات فاکہ کشی پر نوبت پہنچ جاتی ہے مگر سنگدل حکام کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔وہ اپنے بچّوں کی سکول فیس اور دیگع ضروریات وقت پر ادا نہیں کر پاتے جس وجہ سے اْن کے بچے احساس کمتری کا شکار ہو رہے ہیں۔مقررین نے کہا کہ گذشتہ کئی برسوں سے عارضی اور یومیہ بنیادوں پر کام کرنے والے ملازمین اس انتظار میں ہیں کہ اْن کو کبھی مستقل کیا جائے گا اور اسی انتظار میں وہ سرکاری نوکری حاصل کرنے کی عمر کی کی حد بھی پار کر چکے مگر حکومت کو اْن کے مستقبل کی کوئی پرواہ نہیں۔مقررین نے متعدد دیگر مسائل بھی اْجاگر کئے اور حکومت کے سامنے کچھ مطالبات رکھتے ہوئے اْن کو فوری طور پورا کئے جانے پر زور دیا۔اْنہوں نے مطالبہ کیا کہ آنگن واڑی ورکرس اور ہیلپرس اور دیگر عارضی ملازمین کے مشاہرے میں معقول اضافہ کیا جانا چاہیے تاکہ مہنگائی کے اس دور میں وہ بھی اپنی ضروریات پوری کر سکیں۔ اْنہوں نے عارضی ملازمین کی مستقلی کے لئے ایک جامع پالیسی ترتیب دے کر اْسے لاگو کرنے اور تمام بقایا جات کی فوری ادائیگی کا مطالبہ بھی کیا۔ٹریڈ یونین فرنٹ کے ضلع صدر برکت علی نے مختلف محکموں کے آفیسران سے کہا کہ وہ غریب عارضی ملازمین کو تنگ اور ہراساں کرنے کی پالیسی کو ترک کریں بصورت دیگر اْن کے خلاف بھی احتجاج کیا جائے گا۔اْنہوں نے تمام عارضی ملازمین سے اپیل کی وہ ٹریڈ یونین فرنٹ کے جھنڈے تلے متحد ہو کر اپنے حقوق کی حصولیابی کے لئے جدوجہد کریں۔برکت علی کے علاوہ مظاہرین سے شمشیر سنگھ ،محمد شریف ڈار ،کیول کرشن ،مشتاق احمد ،عطا محمد ،نذیر احمد ،عمران جاوید ،پون سنگھ ،ریکھا دیوی ،عنایت اللہ،یوسف جمیل اعر سائرہ بیگم نے خطاب کیا