کرگل//ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کرگل برکت علی لون نظامی نے محکمہ مال کرگل کے سب ڈویژنل مجسٹریٹوں ، تحصیلداروں ،نائب تحصیلداروں اور دیگر اہلکاروں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران ریکارڈس کی بہتر رکھ رکھائو اور محکمہ کو مزید فعال اور جواب دہ بنائے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ میٹنگ کے دوران جمع بندیوں کی ترتیب ، خسرہ گر دواری کی لکھائی، انتقالات کی تصدیق ، مال سے وابستہ کورٹ معاملات ، فوجداری کورٹ معاملات ، سرکاری و نجی زمینوں سے ناجائیز تجاوزات کا ہٹایا جا نا ، ماہانہ وار ٹور ڈائیریوں کی ترتیب ، پٹوار خانوں کی موجود ہ صورت حال اور پبلک درباروں کے اہتمام کے حوالے سے متعدد امورات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تحصیلداروں و نائب تحصیلداروں کی زیر نگرانی ضلع میں باقی ماندہ 48جمع بندیوں کی ترتیب کو مقررہ مدت کے اندر اندر مکمل کرانے کی ہدایت دی ۔اُنہوں نے سال رواں کی زمین کی حصولیابی کے انتقال کے معاملات کا نپٹارہ بھی اپنے مقررہ حد کے حساب سے پایۂ تکمیل تک پہنچائے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ کسی بھی قسم کے معاملات زیر التوأ نہ رہے۔ ضلع کے دیہات میں لوگوں کے مسائل و مشکلات کا فوری طور ازالہ کرنے کی ضرورت کو اُجا گر کر تے ہوئے اے۔ڈی۔سی موصوف نے اس سلسلے میں عوامی درباروں کے انعقاد کے حوالے سے فوری نوعیت کے اقدامات اُٹھانے کی آفیسران کو موقعہ پر ہدایت دی۔ میٹنگ کے دوران محکمہ مال میں نو منتخب آفیسران اور فیلڈ عملے کو جمع بندیوں کی ترتیب ، انتقال اورامن و قانون کے معاملات ، کورٹ معاملات و دیگر لازمی زمہ داریوں کے حوالے سے روشناس کرائے جانے کے مقصد سے ہر سنیچر کے روز خصوصی تربیتی نشستوں کا انعقاد کئے جانے کا بھی فیصلہ لیاگیا ۔