جموں//جموں مسلم فرنٹ کااجلاس یہاں گوجرنگرمیں تنظیم کے چیئرمین شجاع ظفرکی قیادت میں منعقدہوا۔اس دوران مقررین نے برمی مسلمانوں کے قتل عام کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ۔انہوں نے کہاکہ برمامیں انسانیت کاقتل عام کیاجارہاہے جس پر امن پسندممالک کی خاموشی تشویشناک ہے۔اس موقعہ پر جموں مسلم فرنٹ کے صدرقاضی عمران نے وزیراعظم نریندرمودی سے مطالبہ کیاکہ وہ برمامیں معصوم مسلمانوں کے قتل عام کامعاملہ وہاں کی حکومت کے ساتھ اٹھائیں اورانسانیت کوبچانے کےلئے اسی طرح اپناکردارنبھائیں جس سے ڈوکلام کاتنازعہ چین کے ساتھ سلجھایاگیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری سے بھی اپیل کی کہ وہ برمی مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف آوازبلندکرکے اسے روکنے کےلئے اقدامات اٹھائیں۔
برمامیں مسلمانوں کاقتل عام رکوایاجائے:شیعہ فیڈریشن
جموں//شیعہ فیڈریشن نے برمامیں مسلمانوں کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیاہے کہ اس ظلم و ستم کو فوری طور پر رکوایاجائے ۔یہاں جاری ایک پریس بیان میں فیڈریشن صدر عاشق حسین خان نے کہاکہ برما میں اس ملک کی فوج اور بلوائیوں کی طرف سے ظلم کی انتہاکردی گئی ہے اور روہنگیائی مسلمانوں کوبربریت کا نشانہ بناکر تہہ تیغ کیاجارہاہے ۔انہوںنے کہاکہ افسوسناک بات ہے کہ ماﺅں بچوں سمیت مسلم اقلیت کو ماراجارہاہے اورانسانیت کا قتل عام ہورہاہے لیکن عالمی برادری بالخصوص مسلم ممالک خاموش بیٹھے ہیں ۔ ان کاکہناتھاکہ مسلمان ممالک کو اس موقعہ پر اتحاد کا مظاہرہ کرناچاہئے اور اقوام متحدہ اور دیگر پلیٹ فارم پر اس مسئلے کو زور و شور سے اجاگر کرناچاہئے تاکہ مزید قتل و غارت گری اور ہجرت نہ ہونے پائے۔انہوںنے کہاکہ موجودہ دور میں کسی اقلیت کے خلاف اس قدر ظلم و ستم کی کوئی مثال نہیں ملتی اور برمی حکومت مسلمانوں کو بے گھر کرنے کے درپہ ہے ۔ ان کاکہناتھاکہ ان بے چاروں کو کوئی دوسرا ملک بھی قبول کرنے کو تیار نہیں اور وہ جائیں توجائیں کہاں ۔ عاشق خان نے کہاکہ عالمی برادری کو اس موقعہ پر خاموش نہیں بیٹھناچاہئے اور خاص طور پر مسلم ممالک کوقتل رکوانے کیلئے پہل کرناچاہئے ۔ انہوںنے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ جانوروں کے قتل پر بھی واویلا مچانے والے ان اداروں اور نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیموںں کو برما میں ظلم کیوں دکھائی نہیں دے رہا اور انہوںنے کیوں چپ سادھ رکھی ہے ۔ عاشق خان نے کہاکہ اس سے عالمی امن کی ان ٹھیکیدار تنظیموں کے دہرے معیار کا ثبوت ملتاہے اور یہ تنظیمیں صرف وہی کام کرتی ہیں جہاں ان کا مفاد پوشیدہ ہو اور ان کے تمام تر مفادات سامراجیت اور صہونیت سے وابستہ ہیں ،یہ وجہ ہے کہ انتہائی ظلم و زیادتی پر بھی یہ خاموش ہیں ۔فیڈریشن صدر نے حکومت ہندپر بھی زور دیاہے کہ وہ عالمی سطح پر اس مسئلے کو اجاگر کرکے حل کرائے۔