شنکر پورہ سڑک خستہ، مقامی آبادی محکمہ آر اینڈ بی سے نالاں
ڈورو/عارف بلوچ/ڈورو شاہ آباد کے شنکر پورہ کی رابطہ سڑک انتہائی خستہ ہوچکی ہے ،جس کے سبب مقامی آبادی کو عبور ومرور میں سخت مشکلات پیش آرہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ علاقہ کی رابطہ سڑکیں انتہائی خستہ ہو چکی ہیںاورناقابل آمدروفت بن چکی ہیں ،جس کی وجہ سے لوگوں خصوصاََ طلاب و مریضوں کو ذہنی کوفت کا سامنا کر نا پڑتا ہے ۔محمد اقبال نامی ایک مقامی نوجوان نے کہاکہ اگر چہ حکومت نے ضلع کی بیشتر سڑکوں پر تار کول بچھایا تاہم اس اہم سڑک کو نظر انداز کیا گیا ۔انہوں نے حکومت بالخصوص مقامی ممبر اسمبلی سے اپیل کی کہ وہ لوگوں کے مشکلات کو مدنظر رکھ کرسڑک کو فوری طورآمدورفت کے قابل بنائیں ۔
لالہ ارگامی کے عرس پر انتظامات کی اپیل
سرینگر/ نیشنل کانفرنس نے صوفی بزرگ اور شاعر لالہ ارگامی بانڈی پورہ کے سالانہ عرس کے سلسلے میں ضلع انتظامیہ کو زائرین کیلئے معقول اور مناسب انتظامات جن میں پینے کا پانی، بجلی، صحت وصفائی اور عقیدتمندوں کو دور دور جگہوں سے لانے اور لیجانے کیلئے معقول ٹرانسپورٹ سہولیات شامل ہیں،دستیاب رکھنے کی اپیل کی۔
ایشورنس کمیٹی کی میٹنگ ،سرکار کی یقین دہانیوں پر غور
سرینگر//قانون ساز اسمبلی کی گورنمنٹ ایشورنس کمیٹی کی ایک میٹنگ ایم ایل اے نوانگ ریگزن جورا کی صدارت میں منعقد ہوئی۔میٹنگ میں تمام التوأ میں پڑی سرکار کی طرف سے یقین دہانیوں پر غور وخوض ہوا۔ قانون ساز محمد امین بٹ اور ڈاکٹر کرشن لال میٹنگ میں موجود تھے اور دیہی ترقی محکمے کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ فیلڈ میں کام کرنے والے ملازمین کو محنت ، لگن اور تن دہی سے کام کرنے کی ہدایت دیں تاکہ مقررہ اہداف کو مکمل کیا جاسکے۔انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں ترقیاتی معاملات بھی ابھارے اور متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ جلد از جلد ترقیاتی کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں تاکہ مقامی لوگ ان سکیموں سے مستفید ہوں۔کمشنر سیکریٹری دیہی ترقی نرمل شرما نے کمیٹی کو وہ تفاصیل پیش کیں ۔
تحریک حریت کا عمر عادل کی رہائی پر زور
سرینگر// تحریک حریت نے تنظیم کے لیڈر عمر عادل ڈار کو ہمہامہ پولیس تھانے کے ذریعے گرفتار کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمر عادل ڈار ایک سیاسی لیڈر ہے اور اسے تشدد کو ہوا دینے کے الزام میں گرفتار کرنا مضحکہ خیز ہے۔ تحریک حریت نے اُس کی رہائی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی سرگرمیاں سیاسی اور پُرامن ہیں۔
انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے پٹن میں حسینیؑ مجلس
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے یال پٹن میں مجلس حسینیؑ کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں عقیدتمندوں نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر انجمن کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن نے فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالتے ہوئے حضرت امام حسین ؑ اور انکے وفاشعار اقارب کی عظیم شہادتوں کو حق و انسانیت کے اصولوں کی پاسداری کا لامثال مظاہرہ قرار دیا۔ آغا حسن نے کہا کہ یزید اورامام حسین ؑ دو مختلف اور متضاد کردار ہیں جو ظلم و مظلومیت کی شکل میں رہتی دنیا تک متصادم رہیںگے ۔انہوں نے روہنگیائی مسلمانوں پر برمی فوج اور بودھ اکثریت کی بربریت کو عصر حاضر میں یزیدیت کی بدترین مثال سے تعبیر کیا۔
کرناہ میں سکولی عملہ معطل
اشفاق سعید
کرناہ//کرناہ میں 5سکولوں کو بند پاکرزونل ایجوکیشن آفیسر ٹنگڈارنے ان سکولوں میں تعینات تدریسی اور غیر تدریسی عملے کو معطل کیا ۔زیڈ ای او ٹنگڈار محمد یوسف نے کرناہ میں عہدہ سنبھالنے کے بعد کئی سکولوں کا دورہ کیا جس دوران انہوں نے گومل جبڑی ،لون محلہ باغ ڈیلا ،کھوری میدانہ ،ڈنا بڈون پرائمری سکولوں اور این پی ایس بڈون میں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کو غیرحاضر پایا ۔انہوں نے غیر حاضر ملازمین کی معطلی کیلئے چیف ایجوکیشن آفیسر کپوارہ کو مطلع کیا۔
آسیہ اور فہمیدہ جیل میں علیل:دختران
سرینگر//دختران ملت سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کی معتمد خاص صوفی فہمیدہ کو امپھالہ جیل جموں میںمقید رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان دونوں کی صحت تشویشناک حد تک بگڑگئی ہے۔موصولہ بیان میںتنظیم کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا کہ دونوں خواتین کے اہل خانہ سوموار کو ان سے ملاقی ہوئے اور اُن کی صحت کو کافی ابتر پایا۔ پانچ روز قبل جب انہیںجموں منتقل کیا گیا تو ان کی طبیعت انتہائی ناساز تھی۔انہوں نے کہا کہ سفر کے دوران تکالیف اور جیل میں گندگی کی وجہ سے ان کی طبیعت اور بھی بگڑ گئی اور اہل خانہ کے مطابق دونوں تشویش ناک حد تک علیل ہیں۔
اننت ناگ کی لاپتہ لڑکی باز یاب
سرینگر//اننت ناگ پولیس نے لاپتہ لڑکی کو امرگڈھ سوپور سے برآمد کرکے وارثین کے حوالے کیا۔ پولیس بیان کے مطابق 4ستمبر کو ارشاد احمد بخشی ولد عبدالغنی بخشی ساکن رنبیر پورہ کہربل مٹن نے مٹن تھانہ میںایک تحریری شکایت درج کی تھی کہ اس کی بارہ سالہ بیٹی لاپتہ ہوئی ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں گمشدگی رپورٹ درج کرکے لڑکی کی تلاش شروع کردی اورلڑکی کو امرگڈھ سوپور سے برآمد کیا ۔ ضروری لوازمات کے بعد لڑکی کو وارثین کے حوالے کیاگیا۔
نالج انشیٹیو نے شراکت داروں سے تجاویز طلب کیں
سرینگر//جے اینڈ کے نالج انشیٹیو ( جے کے کے آئی ) نے طلبہ ، اساتذہ ، مفکر اور سول سوسائٹی کے ممبران سے اپنی نوعیت کی پہلی ابتدائی کارروائی کے سلسلے میں تجاویز طلب کی ہیں۔ اعلیٰ تعلیم محکمہ کی طرف سے جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق تجاویز 16؍ اکتوبر 2017 تک [email protected] پرمیل کئے جاسکتے ہیں۔جے کے کے آئی کے کوچیئرمین اور وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے وزیر اعلیٰ کے مشیر پروفیسر امیتابھ مٹو ، کمیٹی کے چیئرمین کی سرپرستی میں جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی غرض سے پہلے ہی ایک کمیٹی ریاست حکومت نے تشکیل دی ہے۔اس کمیٹی کا مقصد تعلیمی سرگرمیوں کے لئے ایک ویژن ڈاکیومنٹ تیار کرنا بھی ہے، جسے عالمی سطح پر جاری تعلیمی خدو خال کو مد نظر رکھ کر ترتیب دیا جائے گا۔
بجبہاڑہ میں 9ستمبر کو لوک عدالت
سرینگر//سب جج کورٹ کمپلیکس بجبہاڑہ کے احاطے میں 9ستمبر کوایک لوک عدالت کا انعقاد ہورہا ہے ۔جس میں این آئی ایکٹ 138سے جُڑے معاملات کے علاوہ بجلی،جرائم،ازدواجی اورجائیداد وغیرہ کے تنازعات باہمی افہام وتفہیم سے حل کئے جائیں گے۔ درخواست گزاروںکو مطلع کیا جارہا ہے کہ وہ 8ستمبر تک چیرمین تحصیل لیگل سروسز کمیٹی (سب جج ) بیجبہاڑہ کے ساتھ رابطہ قائم کریں۔
آدھار کارڈ وں کی عدم دستیابی، کنگن میں احتجاجی دھرنا
غلام نبی رینہ
کنگن// وسن کنگن اور اکہال کے لوگوں نے آدھار کارڑوں کی عدم دستیابی کے خلاف تحصیل آفس کنگن کے باہر سرینگر لیہ شاہراہ پر احتجاجی دھرنا دیکر گاڑیوں کی آمدو رفت روک دی۔دھرنا پر بیٹھے افراد کے مطابق انہیں آدھار کارڑ بنانے کے لئے روزانہ کنگن آنا پڑتا ہے لیکن یہاں انہیں بتایا جاتا ہے کہ مشین خراب ہوچکی ہے یاپھر ملازم موجود نہیں رہتے ہیں جس کے نتیجے میں انہیں اپنا قیمتی وقت ضائع کرکے خالی ہاتھ واپس لوٹنا پڑتا ہے ۔ کنگن پولیس نے بعدمیںانہیںیقین دلایا کہ معاملے کی تحقیقات کی جائے گی جس کے بعد انہوں نے دھرنا پر امن طور ختم کیا اور شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد رفت بحال ہوگئی۔
حضر ت عزیزاللہ حقانی کا عرس آج
سرینگر//حقانی میموریل ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمداللہ حقانی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ریاسی عوام کئی مشکلات اورمصائب سے دوچارہے۔حقانی نے برمی مسلمانوں پر جاری زیادتیوں کی مذمت کی۔موصولہ بیان کے مطابق آ ج یعنی 6 ستمبر کو معروف صوفی بزرگ حضر ت عزیزاللہ حقانی کا سالانہ عرس سویہ بگ بڈگام میں منایا جا ئے گا۔
۔7ستمبر کوحریت (گ)کا اجلاس
سرینگر// حریت (گ) ترجمان غلام احمد گلزار کی اطلاع کے مطابق حریت چیئرمین سید علی گیلانی نے جموں کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے حریت مجلس شوریٰ کا ایک اہم اجلاس حیدرپورہ میں مورخہ 7ستمبر صبح 10بجے بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس میں حریت کی سبھی اکائیوں کے سربراہوں یا نمائندوں کو شمولیت کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔