سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان کی صدارت میں کل شاپ الاٹمنٹ کمیٹی کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں بٹہ مالو قمرواری سڑک کی کشادگی سے متاثرہ دکانداروں کی باز آبادکاری کاجائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ترقیاتی کمشنر سرینگر،سپر انٹنڈنگ انجینئر تعمیرات عامہ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ ،ایس ایم سی کے آفیسران اور منتقل کئے جارہے دکانداروں اور دکانوں کے مالکان کے نمائندے بھی موجود تھے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ارا کی طرف سے رامباغ میں شاپنگ کمپلیکس تعمیر کیا گیا ہے جسے ایس ایم سی کو سونپا گیا ہے تاکہ یہاں اُن دکانداروں کو دکانیں الاٹ کی جاسکیں جن کے معاملات کی اعلیٰ سطحی کمیٹی نے منظوری دی ہے۔میٹنگ میں یہ جانکاری بھی دی گئی کہ بٹہ مالو قمر واری سڑک کی کشادگی سے 35دکانیں متاثر ہوگئی ہیں۔شاپ الاٹمنٹ کمیٹی نے گذشتہ میٹنگ کے دوران پہلے ہی 12دکانیں متاثرہ دکانداروں کو الاٹ کی ہیں۔کل کمیٹی نے متاثرین میں 23دکانیں الاٹ کیں۔