ڈوڈہ
محمد اسحق عارف
ڈوڈہ//یومِ اساتذہ کے موقع پر گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اسکول بوائز ڈوڈہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میںمختلف مقررین نے اساتذہ کے مقام و مرتبہ کی وضاحت کی اوراسکول کے طلباء نے موضوع کی مناسبت سے مختلف قسم کے دلچسپ اور سبق آموز پروگرام پیش کئے۔ اسکول کے پرنسپل تنویر احمد وانی کی صدارت میں منعقدہ اس تقریب میں بارہویں جماعت کے دو طلباء نے نظامت کے فرائض انجام دئیے جب کہ متعدد طلباء واساتذہ مقررین نے موضوع کی مناسبت سے تقریریں کیں۔ اپنے خطاب میں اسکول کے پرنسپل نے اس پروگرام کے کامیاب انعقاد پر اسکول کے طلباء کو مبارک باد پیش کی اور اُن کے کردارکی سراہنا کی۔اُنہوں نے طلباء کو اساتذہ کا ادب کرنے ،اُن کے ساتھ عزت و احترام کے ساتھ پیش آنے، اُن کی فرماں داری کرنے، اُن کے علم اور تجربہ سے فائدہ اُٹھانے اور انتہائی نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے کی تلقین بھی کی۔اساتذہ سے مخاطب ہوتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ اساتذہ کے لئے یہ فخرکی بات ہے کہ اُن کے نام پر پوری دُنیا میں یومِ اساتذہ منایا جاتا ہے سے جس سے اُن کے پیشے کی عظمت کا اندازہ ہوتا ہے اور جس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ ایک استاد کو کتنا عظیم مقام حاصل ہے اور اُسے قدر و منزلت کی کس نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔اس چیز کا ہمیں بخوبی احساس ہونا چاہیے اور ہم سب کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم اپنے منصب اور با عظمت پیشے کے ساتھ انصاف کریں۔اُنہوں نے چیف ایجوکیشن آفیسر ڈوڈ ہ ،ضلع بھر کے پرنسپل وہیڈماسٹر صاحبان اور اساتذۂ کرام کو یومِ اساتذہ کے موقع پر اپنے اسکول کے عملہ اور طلباء کی طرف سے مبارک باد پیش کی اور اُن کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے بہترین خدمات کے اعتراف کے طور پر اسکول میں تعینات اساتذہ کو توصیفی اسناد سے بھی نوازا۔ پروگرام کے آخر پر طلباء نے عزت افزائی کے طور پر اپنے اساتذہ کو تحائف بھی پیش کئے۔ضلع بھر کے دیگر اسکولوں میں بھی یومِ اساتذہ منایا گیا۔
رام بن
رام بن //ضلع رام بن میں یوم اساتذہ نہایت ہی شان و شوکت سے منایا گیا۔ اس سلسلہ میں ضلع اطلاعاتی مرکز رام بن کے اشتراک سے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول رام بن میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں سکلو کے طلاب نے ایک شاندار پروگرام پیش کیا اور سکول کو اچھی طرح سے سجایا گیا تھا۔مارننگ اسمبلی کے موقعہ پر ہی طلاب نے پروگرام کی شروعات اساتذہ کواہمیت دینے کے ساتھ کیا ۔اس موقعہ پر ایک تمدنی پروگرام بھی پیش کیا گیا ۔ طلب انے اس موقعہ پر اپنے ہر دلعزیز اساتذہ جیسے کہ انجلی پریہار، نیرو شرما ،رابیل، رجنی دیوی ۔روحی کنڈل۔دیپکا ورما اور ماسٹر سیتا رام کے سائل کا نقل کرکے طلاب کو پڑھایا ۔سکول کے ہیڈ ماسٹر محمد امجد نے طلاب کی حوصلہ افزائی کی جنھوں نے اس دن کو مناناے کے لئے کئی دنوں سے تیاریاں شروع کی تھیں۔تقریب کا اختتام طلاب کی جانب سے ایک گیت گا کر کیا گیا۔یہ دن ہر سال سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن کی سالگرہ پر 5ستمبر کو منایا جاتا ہے، جو بھارت کے پہلے نائب صدر اور ملک کے دوسرے صدر جمہوریہ تھے۔وہ ایک عظیم دانشور ،فلسفہ دان اور بھارت رتن یافتہ تھے۔
کشتواڑ
توصیف بٹ
کشتواڑ//یوم اساتذہ کے سلسلہ میں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کشتواڑ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ،جس کا آغاز چیف ایجوکیشن افسر اجیت کمار کی جانب سے ایک لیکچر کے ساتھ کیا گیا ،جنھوں نے طلاب کے کئیرئر کی تعمیر میں استاد کے رول کو اُجاگر کیا ۔اس موقعہ پر ایم ایل اے و وزیر مملکت سنیل شرما مہمان خصوصی تھے۔سی ای او کے علاوہ سکول کے پرنسپل اور دیگران نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا۔سکول کی طالبات نے اس موقعہ پراساتذہ کے اعزاز میں ایک تمدنی پروگرام پیش کیا۔طلاب نے اساتذہ کی عزت افزائی بھی کی ۔وزیر مملکت برائے آر دی ڈی سنیل شرما نے اساتذہ کو یوم اساتذہ پر مبارک باد دی اور طلبا کی جانب سے ایسا پروگرام منعقد کرنے کی کافی ستائش کی۔انہوں نے سکول کے اساتذہ خصوصاً سکول کے پرنسپل کا ایسا تمدنی پروگرام منعقد کرنے میں طلبا کی مدد کرنے کی بھی سراہنا کی۔یوم اساتذہ کے موقعہ پر بہترین اساتذہ کو اسناد اور مومینٹو سے نوازا گیا۔پروگرام کے اختتام پر وزیر مملکت نے سکول ایجوکیشن محکمہ کی ویبسائٹ کا بھی افتتاح کیا گیا ۔ضلع کے دیگر سرکاری و پرائیویٹ سکولوں میں بھی یوم اساتذہ منانے کی اطلاعات ہیں۔
بانہال
بانہال //بھارت کے سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر رادھا کرشنن کو انکی سالگرہ ،جسے عام طور سے یوم اساتذہ کے طور پر بھی منایا جاتا ہے، کے سلسلہ میںگورنمنٹ ڈگری کالج بانہال میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا پروگرام کا انعقاد این ایس ایس پروگرام آفیسر پروفیسر مشتاق احمد سوہل نے کیا تھا ،جس میں تمام طلبا ،این ایس ایس رضاکاروں اور فیکلٹی ممبران نے نہایت ہی شوق سے شرکت کی۔تعلیم کے معیار کو بلند کرنے ۔سکل ڈیولپمنٹ ،ناخواندگی کے شرح کو کم کرنے،مختلف پروگراموں سے تعلیم کے شعبہ میں قابل قدر خدمات کے لئے پروفیسر مشتاق احمدسوہل نے اساتذہ کے رول کی سراہنا کی۔انہوں نے کہا کہ ایک استاد طالب علم کو قوم کے تئیں تعمیری کردار نبھانے کے لئے کافی کام کرتا ہے۔نظامت کے فرائض ڈاکٹر شفیق احمد کٹوچ نے انجام دئے ۔اس موقعہ پر امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔پروگرام کا اختتام اسسٹنٹ پروفیسر راہل کمارکی جانب سے شکریہ کا ووٹ پیش کرنے کے ساتھ کیا گیا ، لیکچرار عربی ارشد، اقبال لون اور شہناز تبسم بھی اس موقعہ پر موجود تھیں۔
بھدرواہ
بھدرواہ //جموں یونیورسٹی کے بھدرواہ کیمپس میں بھی یام اساتذہ منایا گیا ۔اس سلسلہ میں کیمپس کے لل دید آڈیٹوریم میں اساتذہ کو خراج ادا کرنے کے لئے شعبہ انگلش کے طلاب نے ایک پروگرام منعقد کیا ۔کیمپس کے ریکٹر پروفیسر جی ایم بھٹ اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے۔اس موقعہ پر انہوںنے اپنے خطاب میں بھارت کے عظیم اساتذہ جیسے کہ مدن م وہن مالویہ اور سر سعید احمد خان کا ذکر کیا اور اُنکے نقش و قدم پر چلنے کی تلقین کی۔انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ کوئی پیشہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک نیک کام اور سماج کے تئیںبے لوث خدمت ہے۔شعبہ انگلش کے ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر راکیش شرما نے ٹیچنگ اور لرنگ تکنیک میں بدلتے منظر پر خطبہ دیا ۔انہون نے مزید کہا کہ ایک استاد کا رول نہ صرف تعلیم دینا ہے بلکہ طلاب کے ذہنوں کو ایک اچھے انسان کی شکل دینے کا بھی ہے۔شعبہ کے طلاب نتن کمار، رنجیت بھگت، اشونی، اور شُبھم نے مونو ایکٹنگ گانے ،سٹینڈ اپ مزاحیہ پروگرام پیش کئے۔طلب انے اپنے تقریر میں اساتذہ کا تہیہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔کیمپس کی فیکلٹی میں ڈاکٹر کلجیجت سنگھ، ڈاکٹر امیش چودھری، ڈاکٹر نیرج شرما ، چھرنگ ٹنڈپ،جسلین کور، امبیش ملک، امت کمار، شیراز بٹ نے بھی طلبا سے خطاب کیا اور اس دن کی اہمیت پت روشنی ڈالی۔اس موقعہ پر کیمپس کے دیگر فیکلٹی و طلاب بھی موجود تھے۔
چھاترو
شبیر احمد نائیک
چھاترو // عالمی یوم اساتذہ کے موقع چھاترو کے کئی اسکولوں میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا سب سے بڑی تقریب ماڈل ہائراسکنڈری اسکول چھاترو میں انچارج پرنسپل عبدالحفیظ کی صدارت میں منعقد ہوئی اس موقع پر سماج میں اساتذہ کے اہم کرداروں کو اجاگر کیا گیا اس موقع سابق صدر ہند ڈاکٹر رادھا کرشن جن کے جنم دن 5ستمبر کو یوم اساتذہ کے طور سے منا کر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقعہ پرمقررین نے ان کی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سروپیلی رادھا کرشن ایک عظیم الشان شخصیت کے مالک تھے اور انہوں نے اپنی زندگی کے 40 اہم سال ایک استاد کی حیثیت سے گزارے مقررین نے کہا کہ وہ ایک ماہر تعلیم کے ساتھ ساتھ ایک عظیم سیاست دان بھی تھے عالمی یوم اساتذہ کی اہمیت حوالے سے مقررین نے کہا کہ رادھا کرشن نے خواہش ظاہر کی تھی کہ ان کا یوم پیدائش یوم اساتذہ کے طور پر منایا جانا چاہئے جس کا ہی نتیجہ ہے کہ ہم آج یوم اساتذہ منا رہے ہیں قابل ذکر ہے کہ سال 2009 میں عالمی یوم اساتذہ کے حوالے سے یہ ہدف مقرر کیا گیا تھا کہ سال 2015 تک دنیا بھر میں تعلیم کو عام کیا جائے گا اور معیاری تعلیم کو یقینی بنایا جائے گا اس موقع پر اساتذہ کو درپیش مسائل کا بھی ذکر کیا گیا اس موقع پر مقررین نے کہا کہ نظام تعلیم میں ہونے والی تبدیلیوں سے اساتذہ کو وقتا فوقتا آگاہ کیا جانا چاہے تاکہ نظام تعلیم میں مزید بہتری ممکن ہو سکے تفصیلات کے مطابق عالمی یوم اساتذہ کے سلسلے میں ڈگری کالج چھاترو فرقان اکیڈمی چھاترو اور ہائی اسکول ڈمبر میں بھی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جہاں مقررین نے عالمی اساتذہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر طلبا نے یوم اساتذہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور عظیم ماہر تعلیم اور سابق صدر ہند ڈاکٹر رادھا کرشن کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اس موقع پر بہترین تقرریں پیش کرنے کے لئے فرقان اکیڈمی چھاترو کی مہک امین نے پہلی رابعہ بصریہ نے دوسری جبکہ چودھری شوکت علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔