سرینگر// شہر خاص میں نوجوانوں نے احتجاجی جلوس برآمد کیا جس کے دوران اسلام کے حق میں نعرہ بازی ہوئی۔مشترکہ مزاحمتی قیادت لیڈران محمد یاسین ملک اور میرواعظ عمر فاروق کی طرف سے جامع مسجد سرینگر میں پریس کانفرنس کے اختتام کے ساتھ ہی وہاں پر موجود نوجوانوں نے احتجاجی جلوس برآمد کیا،جس کے دوران آزادی اور اسلام کے حق میں نعرہ بازی کی گئی۔عینی شاہدین کے مطابق نوجوانوں نے نعرہ بازی کرتے ہوئے نوہٹہ چوک تک پیش قدمی کی۔ احتجاجی نوجوان روہنگیائی مسلمانوں پر ظلم و جبر کے خلاف بھی نعرہ بازی کر رہے تھے۔اس سے قبل سید علی گیلانی،میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے بھی میانمارکے مسلمانوں پر جاری عتاب کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مذہبی جماعتوں کی طرف سے دی گئی کال کی حمایت کا اعلان کیا۔