سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کل شہر سرینگر کا تفصیلی دورہ کرکے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا معائنہ کیا۔انہوںنے جہانگیر چوک۔رامباغ فلائی اوور کے کام کی پیش رفت کا موقعہ پر ہی جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر فلوریکلچر،ایگزیکٹیو انجینئر ارا،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اور پولیس ،مال اور دیگر متعلقہ محکموں کے آفیسران بھی صوبائی کمشنر کے ہمراہ تھے۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ 262کروڑ روپے کی لاگت والے اس پروجیکٹ کو مقررہ وقت میں تکمیل کے لئے دوہرے شفٹوں میں کام جاری ہے اوررامباغ امرسنگھ کالج تک پہلے مرحلے کے پروجیکٹ کا کام 12اکتوبر2017ء تک پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔جب کہ باقی کام کی تکمیل بھی مقررہ وقت کے اند رہوگی جس سے شہرمیں ٹریفک دبائو میں کافی کمی ہوگی ۔بعد میں صوبائی کمشنر نے سونہ وار پارک کا دورہ کیا اور محکمہ صحت کو پارک میں پائپیں بچھانے کا باقی ماندہ کام فوری طور مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ صوبائی کمشنر نے تاریخی شیرکشمیر پارک کا بھی دورہ کیا اور محکمہ پھولبانی کو پارک میں صفائی ستھرائی کا کام روزانہ بنیادوں پر کرنے کی ہدایت دی۔