جموں //ویڈیو گیم بلیو وہیل چیلنج کی تباہی سے پریشان ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں نے جموں ڈویژن کے تمام خطوں کے چیف ایجوکیشن افسروں سے کہا ہے کہ وہ اس خطر ناک نہج کے خلاف طلاب میں بیداری پیدا کرنے کے لئے جامعہ مہم چلائیں ۔ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموںکی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق ا نہوں نے سکولوں کے پرنسپلوں،زونل ایجوکیشن آفیسروں،و دیگر اہلکاروں کو بیداری کمیٹیاں تشکیل دینے کو کہا ہے تاکہ طلاب کو” بلیو وہیل چلینجز“ اور دیگر ایسی ہی انٹرنیٹ گیموں کے مُضر اثرات سے واقف کیا جا سکے۔چیف ایجوکیشن افسروں سے کہا گیا ہے کہ وہاس سلسلہ میں سوشل میڈیا، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کا استعمال کریں،تاکہ زیادہ سے زیادہ طلاب میں بیداری پیدا کی جا سکے۔اُنہیں اپنے اپنے علاقوں میں ضرورت پڑنے پر ڈسٹرکٹ کونسلنگ سنٹروں کو متحرک کرنے کی بھی ہدیات دی گئی اور اس سلسلہ میں بیداری مہم پر ہفتہ وار رپورٹ دفتر ہذا کو بھیجنے کی ہدایت دی گئی ہے۔انٹر نیٹ بدعت جسے عام طور سے بطور بلیو وہیل چلینجز کے نام سے جانا جاتا ہے نے دنیا کے کئی ممالک بشمول بھارت میں تہلکہ مچادیا ہے۔ڈی ایس ای جموں رویندر سنگھ نے کہا ہے کہ یہ باعث تشویش بات ہے کہ جواں سال لڑکے خصوصاً سکول جانے والے بچے انٹر نیٹ گیموں کا نشانہ بن گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مشاہدہ میں آیا ہے کہ اس بدعت کے شکار وہ جواں سال لڑکے بن رہے ہیں جن کو انٹر نیٹ کی رسائی ہے۔اسلئے ضرورت اس بات کی ہے کہ طلاب کو اس گیم کے مضر اثرات سے باخبر کرنے کے لئے ایک جامع بیداری مہم چلائی جائے۔انہوں نے والدین سے بھی کہا ہے کہ وہ اپنے بچوں کے حرکات و سکنات اور انکی معمول کی زندگی میں تبدیلی جیسے کے مایوس رہان ،باتیں نہ کرنا ، پڑھائی میں دل نہ لگنا اور معیار میں گراوٹ پر نگاہ رکھیں ، تاکہ ان بچوں میں قبل از وقت اس گیم کے جھانسے میں پڑنے کا علم ہو۔